کتاب: طہارت کے مسائل - صفحہ 50
حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم (مسجد میں بیٹھے بیٹھے)اپنا سر میرے نزدیک کرتے،جب کہ میں اپنے حجرے میں ہوتی اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے سرمیں حالت حیض میں بیٹھی کنگھی کردیا کرتی۔اسے مسلم نے روایت کیاہے۔
(مسئلہ نمبر70)حیض کی حالت میں عورت کا بوسہ لینا جائزہے۔
عَنْ مَیْمُوْنَۃَ رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہَا قَالَتْ :کَانَ رَسُوْلُ اللّٰہِ صلی اللّٰه علیہ وسلم یُبَاشِرُ نِسَائَ ہُ فَوْقَ الْاِزَارِ وَہُنَّ حُیَّضٌ ۔رَوَاہُ مُسْلِمٌ[1]
حضرت میمونہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اپنی ازواج مطہرات سے بوس وکنار فرمالیا کرتے،حالانکہ وہ حالت حیض میں ہوتیں۔اسے مسلم نے روایت کیاہے۔
(مسئلہ نمبر71)حالت حیض میں عورت سے نفرت کرنایا کھانے پینے کا علیحدہ اہتمام کرنا ناجائز ہے۔
(مسئلہ نمبر72)حائضہ سے صحبت کرنا منع ہے۔
عَنْ اَنَسٍ رضی اللّٰه عنہ اَنَّ الْیَہُوْدَ کَانُوْا اِذَا حَاضَتِ الْمَرْاَۃُ فِیْہِمْ لَمْ یُوَاکِلُوْہَا وَلَمْ یُجَامِعُوْہُنَّ فِیْ الْبُیُوْتِ فَسَاَلَ اَصْحَابُ النَّبِیِّ صلی اللّٰه علیہ وسلم فَاَنْزَلَ اللّٰہُ عَزَّوَجَلَّ { وَیَسْئَلُوْنَکَ عَنِ الْمَحِیْض قُلْ ہُوَ اَذًی فَاعْتَزِلُوْا النِّسَائَ فِیْ الْمَحِیْضِ } اِلٰی آخِرِ الْاٰیَۃِ ۔فَقَالَ رَسُوْلُ اللّٰہِ صلی اللّٰه علیہ وسلم (( اِصْنَعُوْا کُلَّ شَیْئٍ اِلاَّ النِّکَاحَ ))۔ رَوَاہُ مُسْلِمٌ[2]
حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ یہودیوں کے ہاں کوئی عورت حائضہ ہوجاتی تو یہودی اس کے ساتھ نہ کھانا کھاتے تھے،نہ گھر میں رہتے تھے۔صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے مسئلہ دریافت کیاتو اللہ تعالیٰ نے یہ آیت نازل فرمائی’’کہ لوگ آپ( صلی اللہ علیہ وسلم )سے حیض کے بارے میں مسئلہ دریافت کرتے ہیں ،ان سے کہہ دیجئے وہ ایک بیماری کی حالت ہے۔لہٰذا اس میں عورتوں سے علیحدہ رہیں۔(222:2)(یہ آیت نازل ہونے کے بعد)رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا’’حالت حیض میں صحبت کے علاوہ معمول کے سارے تعلقات قائم رکھو۔‘‘اسے مسلم نے روایت کیاہے۔
[1] کتاب الحیض باب مباشرۃ الحائض فوق الازار
[2] کتاب الحیض باب جواز غسل الحائص راس زوجہا……