کتاب: طہارت کے مسائل - صفحہ 45
(مسئلہ نمبر54)حالت جنابت میں کھانے پینے کے لئے ہاتھ دھونے کافی ہیں،البتہ وضو کرنا افضل ہے۔
عَنْ عَائِشَۃَ رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہَا اَنَّ النَّبِیَّ صلی اللّٰه علیہ وسلم کَانَ اِذَا اَرَادَ اَنْ یَّاْکُلَ وَہُوَ جُنُبٌ غَسَلَ یَدَیْہِ ۔رَوَاہُ ابْنُ مَاجَہْ[1] (صحیح)
حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم حالت جنابت میں کوئی چیز کھانا چاہتے ،تو پہلے ہاتھ دھو لیتے۔اسے ابن ماجہ نے روایت کیاہے۔
عَنْ عَائِشَۃَ رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہَا قَالَ اَنَّ رَسُوْلَ اللّٰہِ صلی اللّٰه علیہ وسلم اِذَا کَانَ جُنُبًا فَاَرَادَ اَنْ یَّاْکُلَ اَوْ یَنَامَ تَوَضَّأَ وُضُوْئَ ہُ لِلصَّلاَۃِ ۔رَوَاہُ مُسْلِمٌ[2]
حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم حالت جنابت میں کھانا یا سونا چاہتے تو پہلے نماز کی طرح وضو کرلیتے۔اسے مسلم نے روایت کیاہے۔
(مسئلہ نمبر55)جنبی مسجد سے گزر سکتاہے لیکن ٹھہر نہیں سکتا۔
عَنْ جَابِرٍ رضی اللّٰه عنہ قَالَ : کَانَ احَدُنَا یَمُرُّ فِیْ الْمَسْجِدِ جُنُبًا مُجْتَازًا ۔رَوَاہُ سَعِیْدُ بْنُ مَنْصُوْرٍ[3]
حضرت جابر رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ ہم حالت جنابت میں مسجد سے گزر جایا کرتے تھے۔اسے سعید بن منصور نے روایت کیاہے۔
(مسئلہ نمبر56)حالت جنابت میں زبانی اللہ کا ذکر کرنا جائز ہے۔
عَنْ عَائِشَۃَ رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہَا کَانَ النَّبِیُّ صلی اللّٰه علیہ وسلم یَذْکُرُ اللّٰہَ عَلَی کُلِّ اَحْیَانِہِ ۔رَوَاہُ مُسْلِمٌ[4]
حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم ہر حالت میں اللہ کا ذکر کیا کرتے تھے۔اسے مسلم نے روایت کیاہے۔
[1] صحیح سنن ابن ماجہ ، للالبانی ، الجزء الاول رقم الحدیث 483
[2] کتاب الحیض ، باب جواز نوم الجنب واستحباب والوضوء لہ
[3] منتقی الاخبار ، الجزء الاول ، رقم الحدیث 391
[4] کتاب الحیض ، باب ذکر اللہ تعالیٰ فی حال الجنابۃ