کتاب: طہارت کے مسائل - صفحہ 43
(مسئلہ نمبر49) بیوی سے صحبت کرنے سے قبل یہ دعا مانگنی چاہئے۔ عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُمَا قَالَ :قَالَ رَسوْلُ اللّٰہ صلی اللّٰه علیہ وسلم (( لَوْ اَنَّ اَحَدَہُمْ اِذَا اَرَادَ اَنْ یَّاتِیَ اَہْلَہُ قَالَ :بِسْمِ اللّٰہِ اَللّٰہُمَّ جَنِّبْنَا الشَّیْطَانَ وَجَنِّبِ الشَّیْطَانَ مَا رَزَقْتَنَا فَاِنَّہُ اِنْ یُقَدَّرْ بَیْنَہُمَا وَلَدٌ فِیْ ذٰلِکَ لَمْ یَضُرَّہُ شَیْطَانٌ اَبَدًا )) مُتَّفَقٌ عَلَیْہِ[1] حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا’’جب کوئی آدمی اپنی بیوی سے صحبت کا ارادہ کرے تو اسے یہ دعا مانگنی چاہئے۔بِسْمِ اللّٰہِ اَللّٰہُمَّ جَنِّبْنَا الشَّیْطَانَ وَجَنِّبِ الشَّیْطَانَ مَا رَزَقْتَنَا’’ہم اللہ کے نام سے مدد چاہتے ہیں یااللہ !ہمیں شیطان سے محفوظ رکھ اور ہماری اس اولاد کو بھی شیطان سے محفوظ رکھ جو تو ہمیں عطا فرمائے۔ یہ دعا پڑھنے کے بعد والدین کو اللہ تعالیٰ جو اولاد دے گا وہ شیطان کے شر سے ہمیشہ محفوظ رہے گی۔اسے بخاری اور مسلم نے روایت کیاہے۔ (مسئلہ نمبر50)دوبارہ صحبت کرنے سے قبل وضو کرنا مستحب ہے۔ عَنْ اَبِیْ سَعِیْدٍ نِ الْخُدْرِیِّ رضی اللّٰه عنہ قَالَ :قَالَ رَسُوْلُ اللّٰہِ صلی اللّٰه علیہ وسلم ((اِذَا اَتٰی اَحَدُکُمْ اَہْلَہُ ثُمَّ اَرَادَ اَنْ یَعُوْدَ فَلْیَتَوَضَّأَ )) ۔رَوَاہُ مُسْلِمٌ[2] حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا’’جب کوئی آدمی اپنی بیوی سے صحبت کرے پھر دوبارہ کرنا چاہے تو پہلے وضو کرے۔‘‘اسے مسلم نے روایت کیاہے۔ (مسئلہ نمبر51)غسل جنابت میں پہلے دونوں ہاتھ دھونے چاہئیں پھر برتن میں ہاتھ ڈالنے چاہئیں۔ وضاحت : حدیث مسئلہ نمبر107کے تحت ملاحظہ فرمائیں۔ (مسئلہ نمبر52)جنبی جس پانی میں ہاتھ ڈال دے وہ پانی ناپاک نہیں ہوتا۔
[1] صحیح مسلم کتاب النکاح باب ما یستحب ان یقولہ عند الجماع [2] کتاب حیض باب جواز نوم الجنب واستحباب الوضوء لہ ……