کتاب: تفسیر النساء - صفحہ 890
کامل عورتیں
سوال : کون کون سی عورتیں کامل ہوئی ہیں ؟
جواب : آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے کہ مرد تو بہت کامل ہوئے مگر عورتوں میں سے مریم بنت عمران اور آسیہ زوجۂ فرعون کے سوا کوئی کامل نہیں ہوئی اور سیّدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کی فضیلت دوسری عورتوں پر ایسی ہے جیسے ثرید کی دوسرے کھانوں پر۔[1]
زیادہ قسمیں کھانے والے
سوال : زیادہ قسمیں کھانے والے کو قرآن کن الفاظ سے یاد کرتا ہے؟
جواب : ایسوں کو قرآن ذلیل بتاتا ہے اور اللہ عزوجل نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو حکم دیتے ہیں کہ ایسوں کی بات نہیں ماننی ان کے پیچھے نہیں لگنا: ﴿وَلَا تُطِعْ کُلَّ حَلَّافٍ مَّہِیْنٍ﴾
چغل خور کے متعلق وعید
سوال : چغل خور بارے قرآن وسنت میں کیا وعید آئی ہے؟
جواب : قرآن میں اللہ عزوجل اپنے پیغمبر سے فرماتے ہیں کہ کسی چغل خور کا کہا نہ ماننا ﴿ہَمَّازٍ مَّشَّآئٍ بِنَمِیْمٍ﴾ (القلم: ۱۱) حدیث میں آتا ہے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم راستے میں جا رہے ہیں کہ دو قبریں آگئیں ، آپ نے فرمایا: ان دونوں کو عذاب ہو رہا ہے، اور کسی بڑے امر پر نہیں ، ایک تو پیشاب کرنے میں پردے کا خیال نہ رکھتا تھا، دوسرا چغل خور تھا۔[2] نیز فرماتے ہیں : چغل خور جنت میں نہ جائے گا۔ [3]
دوسری روایت میں ہے کہ سیّدنا حذیفہ رضی اللہ عنہ نے یہ حدیث اس وقت سنائی تھی جب آپ سے کہا گیا کہ یہ شخص خفیہ پویس کا آدمی ہے۔[4]
کسی کام کو کرنے سے پہلے کیا کہا جائے؟
سوال : کوئی کام کرنا ہو تو کیا کہا جائے؟
جواب : (اِنْ شَائَ اللّٰہ) سورۃ القلم میں اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں : وہ صبح صبح باغ کاٹنے کا کہہ رہے ہیں مگر (وَلَا یَسْتَثْنُونَ) وہ ان شاء اللہ نہیں کہہ رہے۔
[1] بخاری، تیسیر القرآن: ۴/ ۴۸۸۔
[2] بخاری: ۲۱۶۔ مسلم۔
[3] بخاری: ۶۰۵۶۔ مسلم۔
[4] مسند احمد: ۵/ ۳۸۹ صحیح ہے۔ ملاحظہ ہو، تفسیر ابن کثیر: ۵/ ۵۰۲، ۵۰۳۔