کتاب: تفسیر النساء - صفحہ 887
منافقین کی صفات
سوال : سورۃ المنافقون میں منافقین کی کن صفات کا ذکر ہوا ہے؟
جواب :
۱۔ یہ مونہوں سے کلمہ پڑھتے ہیں مگر ان کے دل منکر ہوتے ہیں ۔ (آیت: ۱)
۲۔ دوسروں کو قسمیں کھا کھا کر قائل کرتے ہیں ۔ (آیت ۲)
۳۔ ان کے ڈیل ڈول قابل توجہ ہوتے ہیں ۔ (آیت۴)
۴۔ انہیں ہر وقت نقصان کا کھٹکا لگا رہتا ہے۔ (آیت ۴)
۵۔ انہیں معافی مانگنے اور استغفار کے لیے بلایا جائے تو اعراض کرتے ہیں ۔ (آیت ۵)
افضل صدقہ
سوال : افضل صدقہ کون سا ہے؟
جواب : جوتندرستی کی حالت میں کیا جائے ناکہ مرتے وقت آدمی کہے فلاں کو اتنا دے دو فلاں کو اتنا اب تو یہ فلاں فلاں کا ہو چکا ۔[1]
مصائب کی اقسام
سوال : مصائب کی کتنی اقسام ہیں ؟
جواب :
۱۔ کچھ شامت اعمال ہوتی ہیں ، جیسے ارشاد باری تعالیٰ ہے:
﴿ظَہَرَ الْفَسَادُ فِی الْبَرِّ وَ الْبَحْرِ بِمَا کَسَبَتْ اَیْدِی النَّاسِ﴾ (الروم: ۴۱)
۲۔ اور کچھ آزمائش و تربیت کے لیے ارشاد باری تعالیٰ ہے:
﴿وَ لَنَبْلُوَنَّکُمْ بِشَیْئٍ مِّنَ الْخَوْفِ َوالْجُوْعِ وَنَقْصٍ مِّنَ الْاَمْوَالِ وَ الْاَنْفُسِ وَ الثَّمَرٰتِo﴾ (البقرۃ: ۱۵۵)
۳۔ تیسرے اتفاقی حوادث جو مومنوں کے گناہوں کا کفارہ بنتے ہیں بموجب ارشاد نبوی کہ کسی مومن کو کانٹا بھی چبھے تو وہ اس کے گناہ کا کفارہ بن جاتا ہے۔[2]
[1] مسلم، کتاب الزکاۃ، باب ان افضل الصدقۃ۔
[2] تیسیر القرآن: ۴/ ۴۶۶۔