کتاب: تفسیر النساء - صفحہ 756
حمل اور ماں کے پیٹ میں قسمت کا لکھا جانا سوال : جب بچہ ماں کے پیٹ میں ہوتا ہے تو اس کے بارے کون کون سے فیصلے لکھ دئیے جاتے ہیں ؟ جواب : ماں کے پیٹ میں بچے کے بارے چار چیزیں لکھ دی جاتی ہیں ، رزق، عمر، عمل اور نیک ہوگا کہ بد؟ ایک اور حدیث میں : مرد ہوگا کہ عورت یہ بھی لکھ دیا جاتا ہے۔[1] سوال : حمل کی کم از کم کتنی مدت ہے اور زیادہ سے زیادہ کی کتنی؟ جواب : حمل کی کم از کم مدت چھ ماہ ہے اور زیادہ سے زیادہ ۲ سال۔[2] قوموں کی قسمت کب بدلتی ہے؟ سوال : اللہ عزوجل قوموں کی قسمت کب بدلا کرتا ہے؟ جواب : جب قومیں اور افراد اپنی حالت تبدیل کر لیتے ہیں تو اللہ عزوجل ان کے دن پھیر دیا کرتے ہیں ۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے: ﴿اِنَّ اللّٰہَ لَا یُغَیِّرُ مَا بِقَوْمٍ حَتّٰی یُغَیِّرُوْا مَا بِاَنْفُسِہِمْ﴾ (الرعد: ۱۱) ’’بے شک اللہ کسی قوم کی حالت تب تک نہیں بدلتے حتیٰ کہ وہ اپنی ذاتی حالت بدل لے۔‘‘ اللہ عزوجل نے عقل والوں کی کیا نشانیاں بتائی ہیں ؟ سوال : اللہ عزوجل نے عقل والوں کی کیا نشانیاں بتائی ہیں ؟ جواب : (۱) وہ اللہ کے عہد کو پورا کرتے ہیں اور پیمان کو نہیں توٹے۔ (۲) وہ صلہ رحمی کرتے ہیں ۔ (۳) اپنے رب سے ڈرتے ہیں ۔ (۴)برے حساب سے خوف کھاتے ہیں ۔ (۵)جو اپنے رب کی رضا کی تلاش میں ڈٹ جاتے ہیں ۔ (۶)نماز قائم کرتے ہیں ۔ (۷) ہمارے دئیے میں ظاہر وپوشیدہ خرچ کرتے ہیں ۔ (۸) برائی کا بدلہ اچھائی سے دیتے ہیں ۔ [3] دلوں کے اطمینان کے لیے نسخہ کیمیا سوال : دلوں کے اطمینان کے لیے اللہ عزوجل نے کیا نسخہ کیمیا بیان فرمایا ہے؟ جواب : ﴿اَ لَا بِذِکْرِ اللّٰہِ تَطْمَئِنُّ الْقُلُوْبُ﴾ (الرعد: ۲۸) ’’آگاہ رہو اللہ کے ذکر سے ہی دل اطمینان پاتے ہیں ۔‘‘
[1] دیکھئے: تفسیر سورۃ الرعد: ۸۔ [2] دیکھئے: تفسیر حوالہ ایضًا۔ [3] دیکھئے: سورۃ الرعد: ۲۰ تا ۲۲۔