کتاب: تفسیر النساء - صفحہ 753
جواب : اسے برکت کی دعا دے جس طرح کہ پچھلی حدیث سے پتہ چل رہا ہے۔ تزکیہ دینے کا انداز سوال : کریکٹر سرٹیفکیٹ یا تزکیہ دینے کا انداز کیا ہونا چاہیے؟ قرآن ریماکس بارے کیا روشنی ڈالتا ہے؟ جواب : کسی کے کردار کی شہادت دیتے ہوئے یہ کہا جائے، یہ ہے جو میں اس کے بارے ظاہراً جانتا ہوں یا جانتی ہوں ، جبکہ اندر کے بھید اللہ کے پاس ہیں ۔ جس طرح بنیامین کے پکڑے جانے پر ان کے بڑے بھائی نے کہا تھا کہ ابو کو جا کر بتانا، تیرے بیٹے نے چوری کر لی ہے ہمیں جو معلوم ہوا ہم اسی کی شہادت دے رہے ہیں ، ہم غیب کو جاننے والے نہیں ہیں ۔ (یوسف: ۸۱) کسی نقصان کے غم کو دل سے لگا لینے کا حکم سوال : کسی نقصان کے غم کو دل سے لگا لینے کا کیا حکم ہے؟ جواب : دل پر انسان کا کنٹرول نہیں ہے، لہٰذا اگر وہ کسی شدید غم کی لپیٹ میں آجاتا ہے تو کوئی حرج نہیں البتہ زبان کنٹرول میں رہے اس پر کوئی ناروا کلمہ نہیں آنا چاہیے، جیسے کہ حضرت یعقوب، حضرت یوسف علیہما السلام کے فراق کے غم ایسا دل سے لگاتے ہیں کہ آنکھیں سفید ہو جاتی ہیں ۔[1] غیر اللہ کو تعظیماً سجدہ کرنا سوال : غیر اللہ کو تعظیماً سجدہ کرنے کا کیا حکم ہے؟ جواب : یہ پہلی امتوں میں جائز تھا مگر اب نہیں حدیث شریف میں آتا ہے، سیّدنا معاذ رضی اللہ عنہ ملک شام گئے وہاں انہوں نے دیکھا کہ شامی لوگ اپنے بڑوں کو سجدہ کرتے ہیں یہ جب لوٹے تو انہوں نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو سجدہ کیا آپ نے پوچھا: معاذ! یہ کیا بات ہے؟ آپ نے جواب دیا کہ میں نے اہل شام کو دیکھا کہ وہ اپنے بڑوں اور بزرگوں کو سجدہ کرتے ہیں تو آپ تو اس کے سب سے زیادہ مستحق ہیں تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اگر میں کسی کو کسی کے لیے سجدے کا حکم دیتا تو عورت کو حکم دیتا کہ وہ اپنے خاوند کے سامنے سجدہ کرے اس بہت بڑے حق کی وجہ سے جو اس پر ہے۔[2]
[1] دیکھئے: یوسف: ۸۴۔ [2] سنن ابن ماجہ، کتاب النکاح، باب حق الزوج علی المرأۃ: ۱۸۵۳۔ صحیح: سلسلۃ الاحادیث الصحیحۃ: ۱۳۰۳۔ دیکھیے: ابن کثیر: ۳/ ۳۲۔