کتاب: تفسیر النساء - صفحہ 727
پارہ نمبر 11 تا 30 تک
جدید فقہی مسائل اور اُن کا حل
کفر و نفاق میں شہری سخت ہیں یا دیہاتی؟
سوال : کفر ونفاق میں دیہات کے لوگ سخت تر ہوتے ہیں یا شہر کے؟
جواب : دیہات کے۔ [1]
مشرک رشتہ داروں کے لیے دعائے مغفرت کرنا
سوال : کیا اپنے مشرک رشتہ داروں کے لیے دعائے مغفرت کی جا سکتی ہے؟
جواب : نہیں ، فرمان تعالیٰ ہے:
﴿مَا کَانَ لِلنَّبِیِّ وَ الَّذِیْنَ اٰمَنُوْٓا اَنْ یَّسْتَغْفِرُوْا لِلْمُشْرِکِیْنَ وَ لَوْ کَانُوْٓا اُولِیْ قُرْبٰی مِنْ بَعْدِ مَا تَبَیَّنَ لَہُمْ اَنَّہُمْ اَصْحٰبُ الْجَحِیْمِo﴾ (التوبۃ: ۱۱۳)
’’نبی اور ان لوگوں کے لیے جو ایمان لائے، کبھی جائز نہیں کہ وہ مشرکوں کے لیے بخشش کی دعا کریں خواہ وہ قرابت دار ہوں ، اس کے بعد کہ ان کے لیے صاف ظاہر ہوگیا کہ یقینا وہ جہنمی ہیں۔‘‘
یہ آیت اتری جب آپ اپنے چچا ابو طالب کی وفات کے وقت اس سے اصرار کرتے ہیں کہ لَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ کہہ دیں تاکہ آپ کی بخشش کی دعا مانگ سکوں لیکن وہ پاس بیٹھے ابوجہل کی وجہ سے یہ کہتے فوت ہو جاتے ہیں : عبدالمطلب کے دین پر مرتا ہوں ، تب نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا تھا: ’’میں آپ کے لیے بخشش کی دعا کرتا رہوں گا، جب تک کہ مجھے اس سے منع نہ کر دیا جائے۔ اس وقت یہ آیت نازل ہوئی۔‘‘[2]
اس حدیث سے معلوم ہوتا ہے پہلے مشرکوں کے لیے دعائے مغفرت کرنے کی اجازت تھی۔ واللہ اعلم
تین دن سے زیادہ بائیکاٹ کا حکم
سوال : کسی کا تین دن سے زیادہ بائیکاٹ کیا جا سکتا ہے؟
جواب : ذاتی رنجش کی وجہ سے کسی سے تین دن سے زیادہ بائیکاٹ حرام ہے، البتہ کسی دینی عذر کی وجہ سے بائیکاٹ کا عرصہ لمبا ہو سکتا ہے۔ کعب بن مالک اور ان کے دو ساتھی جو غزوئہ تبوک سے پیچھے رہ گئے تھے ان کا واقعہ اس بات کی دلیل ہے۔
[1] دیکھئے: التوبۃ: ۹۷۔
[2] بخاری، کتاب المناقب، قصۃ ابی طالب، بحوالہ تیسیر القرآن: ۲/ ۲۶۷۔