کتاب: تفسیر النساء - صفحہ 64
وہ قرآنی علوم جن سے ایک خاتون کا آگاہ ہونا لازم ہے یا وہ عمومی مسائل جو خواتین سے تعلق رکھتے ہیں انہیں اور جن آیات میں بالواسطہ عورتوں سے متعلقہ مسائل ہیں ، انہیں بھی سوال و جواب والے حصے میں ترتیب وار ذکر کر دیا گیا ہے۔
یوں اس مکمل تفسیر سے جہاں یہ ممکن ہوگیا ہے کہ ایک مسلمان خاتون قرآن میں خود کو ملنے والے احکام سے آگاہ ہو سکے وہاں خود کو پیش آمدہ ہمہ قسم کے دینی مسائل سے بھی وہ آگاہی حاصل کر سکتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی عورتوں کے قدیم وجدید مسائل پر عرب کے جید علمائے کرام کے فتاویٰ جات نے اس تفسیر کی افادیت میں مزید اضافہ کر دیا ہے اور اسے گراں مایہ متاع بنا دیا ہے۔ فللّٰہ الحمد والمنّۃ۔
سفارش
یہ تفسیر جہاں گھریلو خواتین کے مسائل کے حل کے لیے اہم ترین اور مکمل مجموعہ علم ہے ، وہاں جامعات کی طالبات کے لیے بھی ’’خواتین کے مسائل اور اُن کے حل کا انسائیکلو پیڈیا‘‘ کی حیثیت رکھتی ہے۔ہم ’’اشفعوا تؤجروا‘‘ کے تحت سفارش کرتے ہیں کہ طالبات کی ذہنی اور روحانی تربیت کے لیے اس تفسیر کو جامعات للبنات کے نصاب کا حصہ بنایا جائے تاکہ وہ اس علمی ذخیرے سے فائدہ اُٹھا سکیں ۔
سپاس نامہ
میں اپنے ان تمام مخلصین کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا جنہوں نے اس کام کے دوران میں کسی بھی مرحلے پر میرا تعاون کیا، مجھے اچھے مشوروں سے نوازا، خصوصاً اپنے اساتذہ کرام اور راشد امین بھائی کا۔ اللہ عزوجل انہیں صحت و عافیت والی زندگی عطا کریں اور ہمیں ان سے مستفید ہونے کی توفیق عطا کرتے رہیں ۔آمین
اپنی انتہائی پیاری والدہ کا شکر گزار ہوں کہ جن کی قربانیوں اور دعاؤں کی بدولت میں اس قابل ہوا اور اپنی زوجہ محترمہ کا کہ جن کے صبر وتعاون کی وجہ سے میرے لیے یہ کام آسان ہوا۔ اللہ تعالیٰ ان سب کو دنیا وآخرت کی بھر پور خوشیوں سے نوازے۔ آمین
آخر میں ، ہم ڈاکٹر حافظ محمد شہباز حسن کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے اس تفسیر کو محبت ، محنت اور جانفشانی سے اپنی علمی نظر سے گزارا۔ اللہ تعالیٰ ان کے علم و عمل میں برکت عطا فرمائے۔
وصلی اللّٰہ علی نبیہ محمد واٰلہ وصحبہ اجمعین وسلم۔
الراجی رحمۃ ربہ
ابن نواب
استاذ الحدیث جامعہ حدیقۃ الایمان، فیصل آباد