کتاب: تفسير سورۂ الصافات - صفحہ 23
پیش لفظ
الحمد ﷲ رب العالمین، والصلاۃ والسلام علیٰ سید الأنبیاء والمرسلین، وعلیٰ آلہ وصحبہ ومن تبعھم بإحسان إلیٰ یوم الدین، أما بعد:
ادارۃ العلوم الاثریہ کتاب و سنت کی جو خدمت سر انجام دے رہا ہے۔ یہ محض اللہ سبحانہ وتعالیٰ کی توفیق و نوازش اور اس کے ہمدردر معاونین کے تعاون اور بانیین کی مخلصانہ دعاؤں کا نتیجہ ہے۔ فلاح کی راہیں (تفسیر سورۃ المومنون، ابتدائی گیارہ آیات)، تفسیر سورۂ ق، تفسیر سورۃ فاطر، تفسیر سورۂ یٰس کے بعد اب تفسیر سورۃ الصّٰفّٰت قارئینِ کرام کی خدمت میں پیش کی جا رہی ہے۔ والحمد ﷲ علیٰ ذلک حمداً کثیراً طیباً مبارکاً فیہ۔
بہت سے حضرات کے علم میں ہے کہ یہ تفسیری سلسلہ پہلے مسلکِ محدثین کے معروف پاسبان مجلہ ہفت روزہ ’’الاعتصام‘‘ لاہور میں شائع ہوتا ہے۔ پھر سورت مکمل ہونے کے بعد اسے مزید حک و اضافے کے ساتھ کتابی صورت میں طبع کیا جاتا ہے، تاکہ یہ مفید سے مفید تر بھی ہو جائے اور محفوظ بھی ہو جائے اور زیادہ سے زیادہ قارئینِ کرام کے پاس پہنچ پائے۔
اس ناکارہ کی کوشش ہوتی ہے کہ ہمارے اسلاف رحمہم اللہ نے جو تفسیری گلستان سجایا ہے، اس کے بکھرے ہوئے پھولوں کو چُن چُن کے ایک خوبصورت گلدستہ بنا دیا