کتاب: تفسیر سورۂ فاطر - صفحہ 18
حافظ عبدالسلام متعنا اللہ بطور حیاتہ کا ترجمۂ قرآن منتخب کیا ہے جو عام فہم ہے اور اس میں الفاظ کی پوری پوری رعایت کی گئی ہے جس کا اہتمامم عموماً ترجمہ نگاروں نے نہیں کیا۔ تفسیر میں ہم نے وہی اسلوب اختیار کرنے کی کوشش کی ہے جو سلف سے منقول ہے۔ اور آیات سے متعلقہ متفرق فوائد ونکات جو کتب تفاسیر وغیرہ میں پائے جاتے ہیں حتی الوسع انھیں جمع کیا ہے اور اسے مفید سے مفید تر بنانے کی اپنی سی سعی کی ہے۔ اہلِ علم سے التماس ہے کہ اگر اس میں کوئی غلطی محسوس کریں تو برائے مہربانی مطلع فرمائیں ہم ان کے سپاس گزار ہوں گے اور آئندہ ان کی اصلاح کریں گے۔
ہمیچمدان اپنے رفقائے کرام کا انتہائی شکر گزار ہے جو بہر آئنہ ادارہ کی سرپرستی فرماتے ہیں۔ اور دامے درمے قدمے سخنے اس کے یمین ویسار ہیں۔ اس طرح ادارہ کے رفقائے کار ،مولانا عبد الحی انصاری، مولانا طارق محمود فاضل مدینہ یونیورسٹی ،مولانا حافظ محمد خبیب احمد اور قاری محمد بشیر حفظھم اللہ کا بھی بے حد ممنوں ہوں جن کے شب وروز تعاون ہی سے یہ سلسلہ بتوفیق ایزدی آگے بڑھ رہا ہے۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کی مساعی حسنہ کو قبول فرمائے، ادارہ کی ان خدمات کو شرف پزیرائی بخشے،ہم سب کے لیے ذریعہ نجات اور ادارہ کے بانیین حضرات کے لیے صدقہ جاریہ بنائے ۔آمین یا رب العالمین
خادم العلم والعلماء
ارشاد الحق اثری
۲۳ذوالحجہ۱۴۳۳ھ
۹نومبر۲۰۱۲ء