کتاب: تفسیر قرآن کے اصول و قواعد - صفحہ 36
اس تالیف کی خاطر تفسیر اور اصول تفسیر سے متعلق بےشمار کتب کو پرکھا، پھر دن رات ایک کر کے محنت اور عرق ریزی سے اسے مرتب کیا ہے، عربی کا ایک محاورہ ہے۔ ’’ من سهرا لليالي وجد اللوالي‘‘ جو شخص کسی کام کے لیے محنت کرتے ہوئے کئی راتیں بیدار رہتا ہے وہ بالآخر موتیوں کی مالا حاصل کر لیتا ہے، بلاشبہ یہ تالیف قیمتی اور نادر موتیوں کی ایک لڑی ہے جو دینی مدارس کے منتہیٰ طلبہ، اساتذہ اور دورات تفسیر کے فاضل طلباء وطالبات کے لیے ایک اکسیر اور خاصے کی چیز ہے۔ میں نے متعدد مرتبہ اسے اول تا آخر پڑھا، بعض مقامات پر حک و اضافے اور کہیں کہیں اسلوب اور انداز بیان کی اصلاح کا مشورہ دیا جسے برخوردار نے بڑی خندہ پیشانی سے قبول کیا، دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس کوشش و کاوش کو ثمر آور، نفع بخش اور ذریعہ نجات بنائے نیز ان کے والدین کریمین خصوصاً پدر محترم، میرے محسن و مُربی شیخ الحدیث محمد یوسف رحمہ اللہ کے لیے صدقہ جاریہ بنائے۔ ایں دعا از من وزجلہ اصباب آمین یاد تاریخ طلب الدعات 10 دسمبر 2015/27 صفر 1437 ابو محمد عبدالستار الحماد بروز جمعرات بوقت 3 بجے رات مرکز الدراسات الاسلامیہ 0300-4178626 سلطان کالونی میاں چنوں