کتاب: تفسیر قرآن کے اصول و قواعد - صفحہ 22
تشریح و توضیح سے تعرض کیا اور خوب کیا، اصول تفسیر کے متفرق مسائل پر فہم و ادراک کے جوہر دکھائے اور ان پر سیر حاصل بحث کی۔
راقم السطور نے ان چاروں مکاتب فکر کے اصول تفسیر پر استاذ مکرم پروفیسر ڈاکٹر حافظ محمود اختر صدر شعبہ اسلامیات، پنجاب یونیورسٹی کی زیر نگرانی ’’برصغیر میں اصول تفسیر کے مناہج و اثرات‘‘ کے نام سے مفصل مقالہ لکھا، جو کم و بیش چھ صد صفحات پر مشتمل ہے، جس پر الحمدللہ بندہ ناچیز کو 2013ء میں پنجاب یونیورسٹی، لاہور کی طرف سے پی-ایچ-ڈی کی ڈگری جاری کی گئی۔ پنجاب یونیورسٹی نے حسب ضابطہ مذکورہ مقالہ طائف یونیورسٹی سعودی عرب اور اسلامک یونیورسٹی ملائیشیا کے دو محترم و مکرم ماہرین پروفیسرز کے پاس رپورٹ کے لیے بھیجا، دونوں اسکالرز نے مقالہ نگار کی خوب حوصلہ افزائی کی اور اسے قابل اشاعت قرار دیا۔
مؤلف نے مقالہ نویسی کے دوران پورے خلوص اور محنت کے ساتھ اصول تفسیر پر دستیاب عربی مقالہ جات، کتب و رسائل، شروح و حواشی، اور تعلیقات کے علاوہ اردو لٹریچر کو بھی کھنگالا۔ کیونکہ میری یہ آرزو تھی کہ خیر القرون کے مسلّمہ اصول تفسیر (تفسیر بالمأثور کے اصول) واضح طور پر مرتب کر دیے جائیں اور دستیاب عربی و اردو تحریروں کا ایک جامع خلاصہ پیش کر دیا جائے۔ آپ کے ہاتھوں میں موجود کتاب اسی خواہش کی عملی تعبیر ہے۔ اگرچہ اس کا بیشتر مواد میرے مذکورہ تحقیقی مقالہ سے ماخوذ ہے، تاہم اس پر شیخ مکرم فضیلۃ الشیخ عبدالستار حماد حفظہ اللہ کی خصوصی راہ نمائی، دلچسپی اور اسی طرح عظیم محقق فضیلۃ الشیخ عزیز شمس کے بعض مشورہ جات کی روشنی میں متعدد مقامات پر حک و اضافہ سے کام لیا گیا ہے۔ جس بناء پر یہ کتاب اصل مقالہ سے مختلف ایک مستقل رسالہ کی شکل اختیار کر گئی ہے۔
حقیقت یہ ہے کہ عربی زبان میں اس کے متعلق خاطر خواہ مواد موجود ہے، تاہم اردو زبان کا دامن تاحال اس سے بڑی حد تک تشنہ ہے۔ زیرنظر کتاب میں اس کمی کو پورا کرنے کی ایک ادنیٰ سی کوشش کی گئی ہے۔ ان اصولوں کی خوبی ہی یہ ہے کہ یہ کسی ایک