کتاب: تفسیر قرآن کے اصول و قواعد - صفحہ 18
آئیں، اسی طرح اس کے اصولوں پر بھی بڑی عرق ریزی سے کام ہوا ہے۔
زیرنظر تالیف ’’تفسیر قرآن کے اصول و قواعد‘‘ اردو زبان میں ایک بے نظیر تحریر ہے جس میں اصول و قواعد کے ساتھ ساتھ بعض ان لوگوں کے حالات و واقعات بھی صفحہ قرطاس پر منتقل کر دیے گئے ہیں جنہوں نے ان مسلمہ اصولوں سے انحراف کرتے ہوئے قرآن مجید کی مَن چاہی تفسیر کر کے شریعتِ اسلامیہ کی بجائے اپنی اور اپنے ہمنوا لوگوں کی خواہشات کو مقدم رکھا ہے۔
فاضل مؤلف نے بڑے ہی خوبصورت انداز میں اس خالص علمی بحث کو علماء و طلباء، مدرسین و معلمین اور عوام کے لیے یکساں مفید بنا دیا ہے۔ خانوادہ علم و عمل کے چشم و چراغ اور ہمارے عزیز دوست فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر عبیدالرحمٰن محسن حفظہ اللہ کی یہ کاوش یقیناً لائق تحسین ہے، نیز استاذ محترم شیخ الحدیث حافظ عبدالستار حماد حفظہ اللہ کی نظرثانی نے اسے مزید ممتاز کر دیا ہے۔
مکتبہ اسلامیہ ہمیشہ سے علم و اہل علم کا قدر دان رہا ہے، چنانچہ جب استاذ محترم اور موصوف ڈاکٹر صاحب نے اسے شائع کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تو ہم نے اسے سعادت سمجھ کر قبول کر لیا اور اپنے روایتی انداز کے مطابق ظاہری و باطنی حسن سے دوبالا کر کے اب منظر عام پر لائے ہیں۔
ادارے کے رفیق قاری عمر فاروق راشد حفظہ اللہ نے بڑی محنت سے فائنل پروف ریڈنگ کی، محمد ذیشان مشتاق کی عمدہ کمپوزنگ اور عبدالواسع صاحب کی خوبصورت ڈیزائننگ و ٹائٹل بھی قابل ستائش ہے۔ جزاهم اللّٰه خيراً
اللہ رب العزت ہماری ان کاوشوں کو شرف قبولیت سے نوازے اور روزِ قیامت ہماری نجات کا ذریعہ بنائے، آمین۔
محمد سرور عاصم
مدیر مکتبہ اسلامیہ
لاہور فیصل آباد