کتاب: تفسیر قرآن کے اصول و قواعد - صفحہ 17
کتاب: تفسیر قرآن کے اصول و قواعد مصنف: پروفیسر ڈاکٹر عبیدالرحمٰن محسن یوسفی پبلیشر: مکتبہ اسلامیہ ترجمہ: عرض ناشر الحمدللّٰه رب العالمين والصلوة والسلام عليٰ رسوله الأمين، أما بعد: قرآن مجید وہ عظیم کتاب ہے جو بنی نوع انسان کو راہِ ہدایت سے روشناس کراتی ہے۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے: (إِنَّ هَـٰذَا الْقُرْآنَ يَهْدِي لِلَّتِي هِيَ أَقْوَمُ) (بنی اسرائیل: 9) ’’یہ قرآن وہ راستہ دکھاتا ہے جو سب سے سیدھا ہے۔‘‘ یعنی اندھیروں سے اُجالوں کی طرف، ضلالت سے ہدایت کی طرف، جہالت سے علم کی طرف، لادینیت سے دین کی طرف اور راہِ جہنم سے ہٹا کر راہ جنت کی طرف۔ اللہ رب العزت نے اس کتاب میں ہر قسم کی روحانی و جسمانی بیماری کی شفا رکھ دی ہے، لیکن اس حقیقت سے آشنائی کے لیے اس میں تدبر و تفکر کے ذریعے سے غوطہ زن ہونا ضروری ہے، اسی لیے اکثر و بیشتر مقامات پر اس کی ترغیب دی گئی ہے، چنانچہ ارشاد باری تعالیٰ ہے: (وَلَقَدْ يَسَّرْنَا الْقُرْآنَ لِلذِّكْرِ فَهَلْ مِن مُّدَّكِرٍ ﴿١٧﴾) (القمر:17) ’’یقیناً ہم نے قرآن کو نصیحت کے لیے آسان کر دیا، تو کیا ہے کوئی نصیحت حاصل کرنے والا؟‘‘ نیز فرمایا:(أَفَلَا يَتَدَبَّرُونَ الْقُرْآنَ أَمْ عَلَىٰ قُلُوبٍ أَقْفَالُهَا ﴿٢٤﴾) (محمد:24) ’’تو کیا وہ قرآن میں غور نہیں کرتے، یا کچھ دلوں پر ان کے قفل پڑے ہوئے ہیں؟‘‘ اسی اہمیت کے پیش نظر علمائے کرام نے تفسیر و اصول تفسیر کی صورت میں خدمت قرآن کا بیڑا اٹھایا، جس طرح قرآن مجید کی تفاسیر میں بڑی بے مثال کتب منصہ شہود پر