کتاب: سنت کی روشنی اور بدعت کے اندھیرے کتاب وسنت کے آئینہ میں - صفحہ 108
٭ بعض بدعتیں کفر ہوتی ہیں : جیسے اہل قبور کے تقرب کی خاطر ان کی قبروں کا طواف کرنا ‘ذبائح اور قربانیاں پیش کرنا ‘نذریں ماننا ‘ ان کی دہائی دینا‘ ان سے فریادکرنا ، اسی طرح غالی جہمیہ ،معتزلہ اور رافضہ کے اقوال وغیرہ۔ ٭ بعض بدعتیں شرک تک پہنچنے کا وسیلہ ہوتی ہیں : جیسے قبروں پر عمارتوں کی تعمیر، اور وہاں صلاۃ ادا کرنا‘ دعاء کرناوغیرہ۔ ٭ بعض بدعتیں معصیت ہوتی ہیں : جیسے،(تبتل) شادی نہ کرنے، دھوپ میں کھڑے رہ کر روزہ رکھنے ، اور کسر شہوت کی خاطر خصی ہونے کی بدعتیں وغیرہ ۔[1] امام شاطبی فرماتے ہیں کہ :’’ بدعتی کا گناہ ہمیشہ یکساں نہیں ہوتا ، بلکہ اس کے مختلف مراتب و درجات ہوتے ہیں ، اور ان اختلافِ درجات کا سبب مندرجہ ذیل امور ہیں : ۱- بدعتی مدعی اجتہاد یا مقلد ہو۔ ۲- بدعت کا وقوع بدیہی امور میں ہو، مثلاً دین‘نفس‘عزت وآبرو‘ عقل اور مال وغیرہ۔
[1] دیکھئے: کتاب التوحید، ازڈاکٹر صالح بن فوزان الفوزان، ص:۸۲۔