کتاب: سچے خوابوں کے سنہرے واقعات - صفحہ 94
خواب میں سونے کے کنگن دیکھے تویہ اچھی علامت نہیں ہے۔ انسان کو دنیاوی نعمتیں ملیں گی مگر رنج کے ساتھ، اقتدار بھی ملے گا۔ اچھے لڑکے کی خوشخبری بھی ہے۔ مختلف توجیہات خواب دیکھنے والے کی حیثیت کے مطابق ہیں۔ دونوں جھوٹوں کا پھونک مارنے سے اڑ جانا یہ ظاہر کرتا ہے کہ جھوٹے لوگوں اور ظالم حکمران کی کوئی حیثیت نہیں۔ ان لوگوں کا معمولی سی پھونک ہی سے سارا شیرازہ بکھر جاتا ہے۔ (ہذا ما عندي واللّٰہ أعلم بالصواب) خواب میں سرسبز باغ کا منظر قیس بن عباد بیان کرتے ہیں کہ میں ایک حلقے میں بیٹھا ہوا تھا جس میں سعد بن مالک اور عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہم تشریف فرما تھے۔ وہاں سے سیدنا عبداللہ بن سلام رضی اللہ عنہ گزرے تو لوگوں نے کہا: یہ اہل جنت میں سے ہیں۔ میں نے عبداللہ بن سلام رضی اللہ عنہ کو بتایا کہ وہ لوگ آپ کے بارے میں اس طرح کی بات کہہ رہے ہیں۔ آپ نے فرمایا: سبحان اللہ! ان کے لیے ایسی بات کہنا مناسب نہیں جس کا انھیں علم نہیں۔ دراصل میں نے خواب دیکھا تھا کہ ایک ستون ایک ہرے بھرے باغ میں نصب ہے۔ اس ستون کے اوپر کے سرے پر ایک حلقہ لگا ہوا تھا اور اس کے نیچے ایک خادم تھا۔ مجھ سے کہا گیا کہ اس پر چڑھ جاؤ۔ میں چڑھ گیا اور میں نے حلقہ پکڑ لیا، پھر میں نے اس خواب کا تذکرہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے کیا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ عبد اللہ کا جب انتقال ہوگا تو وہ العروۃ الوثقٰی کو پکڑے ہوئے ہوں گے۔‘‘[1]
[1] صحیح البخاري، حدیث: 7010۔