کتاب: سچے خوابوں کے سنہرے واقعات - صفحہ 83
اگر خواب میں اچھے نام، اچھے مقامات اور اچھی چیزیں دیکھتا ہے تو انھی اچھی چیزوں سے خواب کی تعبیر نکالی جاسکتی ہے۔ خواب میں مسواک پیش کرنے کا مطلب سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ((أَرَانِي فِي الْمَنَامِ أَتَسَوَّکُ بِسِوَاکٍ فَجَذَبَنِي رَجُلَانِ أَحَدُہُمَا أَکْبَرُ مِنَ الْآخَرِ فَنَاوَلْتُ السِّوَاکَ الْأَصْغَرَ مِنْہُمَا فَقِیلَ لِي کَبِّرْ فَدَفَعْتُہُ إِلَی الْأَکْبَرِ)) ’’میں نے خواب میں دیکھا کہ میں مسواک کررہا ہوں۔ اس وقت دوآدمیوں نے مجھے کھینچا، ایک ان میں سے بڑا تھا۔ میں نے چھوٹے کو مسواک دی تو مجھ سے کہا گیا: بڑے کو دیں، چنانچہ میں نے وہ مسواک بڑے کو دے دی۔‘‘[1] اس حدیث سے معلوم ہوا کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو خواب کی حالت میں بھی مرتبہ و مقام کی بابت بتا دیا گیا کہ اس کا خیال رکھیں۔ یہی قاعدہ عام حالات میں بھی لاگو ہے۔ امام ابن سیرین رحمہ اللہ کہتے ہیں: خواب میں مسواک کرنے سے مراد یہ ہے کہ بھائی بہنوں کے ساتھ احسان کرے گا اور خوشیاں بانٹے گا۔ احادیث میں مسواک کرنے کی اہمیت بھی بہت زیادہ ہے۔ یہ اچھائی اور بھلائی کی علامت ہے۔ خصوصاً وہ اپنے بھائی بہنوں کو دین کی باتیں بتائے گا۔ اللہ تعالیٰ سب کا بھلا کرے گا۔ ہٰذَا مَا عِنْدِي وَاللّٰہُ اَعْلَمُ بِالصَّوَابِ۔
[1] صحیح مسلم، حدیث: 5933۔