کتاب: سچے خوابوں کے سنہرے واقعات - صفحہ 80
گلے میں طوق پڑا دیکھناجہنمیوں کی علامت ہے۔ قرآن مجید میں ہے: ﴿ إِنَّا جَعَلْنَا فِي أَعْنَاقِهِمْ ﴾’’بے شک ہم نے ان کی گردنوں میں کئی طوق ڈال دیے ہیں۔‘‘[1] اور اگر خواب میں کوئی شخص بیڑی میں جکڑا ہوا نظرآئے تو اس سے مراد یہ ہوگا کہ وہ گناہوں سے بچنے اور شرع کا پابند رہنے کے لیے کوشاں ہے۔اور اُسے اسلام کی خاطر پابند سلاسل کردیا گیا ہے۔ جہاں تک اس حدیث کا تعلق ہے کہ قیامت کے قریب مسلمان کا خواب جھوٹا نہیں ہوگا، اس سے مراد یہ ہے کہ حالات و واقعات بڑی کثرت سے سامنے آئیں گے۔ ظہورِ قیامت سے پہلے کی جو نشانیاں بیان کی گئی ہیں، وہ سب ظاہر ہوں گی۔ مسلمان انھی کے بارے میں غور و فکر کرے گا اور پھر وہی کچھ خواب میں دیکھے گا۔ علاوہ ازیں جب خواب نبوت کا حصہ ہیں تو یہ جھوٹے کیسے ہوسکتے ہیں؟ زمانے کے قریب ہونے کا مطلب یہ ہے کہ یا تو رات دن ایک جیسے ہوں گے یامصروفیت اتنی زیادہ ہوگی کہ وقت گزرنے کا احساس نہیں ہوگا جیسا کہ آج کل ہورہا ہے۔ خواب میں بادل کا ٹکڑا، گھی اور شہد دیکھنے کی تعبیر سیدناعبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہما بیان کرتے ہیں: ایک شخص رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آیا اور کہنے لگا: اللہ کے رسول( صلی اللہ علیہ وسلم )! میں نے رات کو خواب دیکھا ہے کہ ایک بادل کے ٹکڑے سے گھی اور شہد ٹپک رہا ہے، لوگ اس کو اپنے لپوں سے لیتے ہیں۔ کوئی زیادہ لیتا ہے اور کوئی کم۔ اور میں نے یہ بھی دیکھا کہ آسمان سے زمین تک ایک رسی لٹکی ہوئی ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم اس کو پکڑ کر اوپر چڑھ گئے، پھر آپ کے
[1] یٰسٓ 8:36۔