کتاب: سچے خوابوں کے سنہرے واقعات - صفحہ 40
عقلمندی کی وجہ سے گھر کے اندر علم کی شائستگی اور تہذیب کی روشنی آسکتی ہے۔ علاوہ ازیں جس طرح سورج کا جلال اور دبدبہ دوسرے ستاروں پر ہوتا ہے بعینہٖ والد کا بھی اسی طرح ہونا چاہیے۔ اس کے عادات و اطوار کو دیکھ کر تمام اہل خانہ اس سے رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں۔ اگر کوئی شخص خواب میں سورج دیکھتا ہے تو اس کا اقبال بلند ہوگا، اللہ تعالیٰ اسے عظمت اور بزرگی سے نوازے گا اور لوگ اس سے مستفید ہوں گے۔ جہاں تک والدہ کو چاند کے ساتھ تشبیہ دینے کا تعلق ہے تو وہ یہ ہے کہ جیسے چاند کی روشنی ٹھنڈی ہوتی ہے، اس سے پھلوں میں مٹھاس آتی ہے، اسی طرح والدہ کی طبیعت میں محبت، شفقت اور پیار ہوتا ہے جو چودہ تاریخ کی چاندنی کی طرح ہوتا ہے۔ گھر میں پھولوں کی خوشبو کی طرح والدہ کے پیار کی خوشبو آتی رہتی ہے۔ گھر میں ماں کی حیثیت چاند کی سی ہونی چاہیے۔ اس کی ٹھنڈک گھر کا ہر فرد محسوس کرتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اگر کوئی شخص خواب میں چاند دیکھتا ہے تو اس سے مراد یہ ہوتی ہے کہ ایسا بچہ پیدا ہوگا جس کی روشنی چاند کی طرح پھیلے گی، اللہ تعالیٰ اسے شرف و عزت سے نوازے گا۔ اسے چاند کی حیثیت حاصل ہوگی۔ جہاں تک بھائیوں کو ستاروں سے تشبیہ دینے کا تعلق ہے تو جیسے ستارے رہنمائی کا کام کرتے ہیں، رات کی تاریکی میں آسمان پر خوبصورتی کا باعث بنتے ہیں، جگمگاتے نظر آتے ہیں۔ اور مشکل وقت میں یہی کام آتے ہیں۔ بھائیوں کو دایاں بازو اسی لیے کہا گیا ہے کیونکہ کسی بھی ضرورت کے وقت مدد کے لیے سب سے پہلے بھائی پہنچتے ہیں۔ بھائیوں کو ستاروں کی طرح ہونا چاہیے مگر برادرانِ یوسف کا کرداراس قدر گھٹیا تھا کہ وہ دھوکا دہی اور ظلم وجفا میں ضرب المثل بن گیا۔ ستاروں کو اگر کوئی خواب میں دیکھتا ہے تو اس سے مراد عالم اور راہ نماہے جس سے