کتاب: سچے خوابوں کے سنہرے واقعات - صفحہ 4
اسی طرح نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے خواب کی بنا پر عمرے کی تیاری فرمائی اور عمرے کے لیے روانہ ہوگئے۔ اسی سفر میں صلح حدیبیہ کا واقعہ پیش آیا۔ اسلام کی اشاعت اور ترقی میں صلح حدیبیہ کے مؤثرات نہایت اہم ہیں۔ اس سے اندازہ کیا جاسکتا ہے کہ قرآن و حدیث کی رُو سے سچے خواب کس قدر زبردست اہمیت کے حامل ہوتے ہیں۔ جب ان باتوں پر غور کیا تو ذہن میں آیا کہ انبیائے کرام علیہم السلام ، امہات المومنین، صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم ، آئمۂ عظام، علمائے کرام اور سلاطینِ ذی شان کے خواب، جومختلف کتابوں میں جابجا بکھرے پڑے ہیں، انھیں یکجا کردیا جائے۔ ان میں ہمارے لیے جو بیش بہا اسباق پنہاں ہیں مختصراً وہ بھی بتا دیے جائیں۔ امید ہے اس سے ہماری بے عمل زندگی میں فکر وعمل کے چراغ روشن ہوں گے اور یہ عمل ان شاء اللہ حقیقی انقلاب کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔ ہرچند’’ تعبیر الرؤیا‘‘ کے موضوع پرپہلے ہی کئی کتب موجود ہیں مگرجب ان کی ورق گردانی کی گئی تو پتہ چلا کہ ان میں بہت سے حشووزوائد اور رطب و یابس جمع ہے۔ اوریہ بھی اندازہ ہوا کہ ان مشہور مؤلفین اور معبرین کے نام پر بہت کچھ اکٹھا کیا گیا ہے۔ اور اس انداز سے گڈ مڈ کر دیا گیا ہے کہ پتہ ہی نہیں چلتا کہ یہ واقعی مؤلف کی بتائی ہوئی تعبیر ہے بھی یا نہیں۔ خصوصاً علامہ ابن سیرین جو تعبیر الرؤیا میں سب سے زیادہ مشہور ہیں، ان کے نام پر بہت کچھ کہا گیا ہے بلکہ ان کی جو کتاب مشہور ہے اس پر بھی شک کا اظہار کیاگیا ہے کہ کیا یہ فی الواقع آپ ہی کی کتاب ہے؟ ہمارا ایمان ہے کہ انبیائے کرام علیہم السلام کے خواب وحی کا درجہ رکھتے ہیں۔ جہاں تک دیگر لوگوں کے خواب ہیں وہ سچے بھی ہوتے ہیں اورجھوٹے بھی۔ ضروری نہیں کہ سچے خواب صرف مسلمانوں ہی کو دکھائی دیں، سچے خواب غیرمسلموں کو بھی آ سکتے ہیں جیسا کہ سیدنا