کتاب: سچے خوابوں کے سنہرے واقعات - صفحہ 34
کو بڑھاپے میں خواب کیسے آتے ہیں؟ نہ انھوں نے گریزوفرار کی کوئی راہ اختیار کی بلکہ وہ تسلیم و رضاکے پیکر بن گئے۔ 4.مسلمان کی زندگی میں عملیت کا بڑا عمل دخل ہوتا ہے۔ وہ جو کہتا ہے اس کا اظہار اس کی عملی زندگی سے بھی ہونا چاہیے۔ اللہ تعالیٰ کے احکام کی تعمیل میں ذرا بھی تردد نہیں کرنا چاہیے، نیز امتحانات اور آزمائشیں اللہ کے نیک بندوں کو آتی ہیں۔ اس میں صبرواستقامت کا مظاہرہ کیا جائے تو اللہ تعالیٰ زبردست اعزازات سے نوازتا ہے جیسے اللہ تعالیٰ نے سیدنا ابراہیم اور سیدنا اسماعیل علیہما السلام کو نوازا تھا۔ 5. سیدنا ابراہیم علیہ السلام انبیائے کرام علیہم السلام میں سے پہلے نبی ہیں جن کے خواب کا تذکرہ کیا گیا ہے۔ قرآن حکیم میں دیگر انبیائے کرام علیہم السلام کے حالات و واقعات کا ذکر بھی ہے جو ان سے پہلے گزرے ہیں مگر کسی نبی کی اتنی بڑی آزمائش اور خواب کا کوئی ذکر نہیں ہے۔ یہ سعادت صرف سیدنا ابراہیم علیہ السلام ہی کے حصے میں آئی۔ 6. قربانی کا تصور دنیا کی ہر قوم میں ہے۔ سیدنا ابراہیم علیہ السلام سے پہلے بھی قربانیاں دی جاتی تھیں مگر اللہ کی راہ میں ایسی عظیم قربانی پیش کرنے کی کوئی مثال نہیں ملتی، چنانچہ آدم علیہ السلام کے بیٹوں کی قربانی کا ذکر کرتے ہوئے کہا گیا ہے: ﴿إِذْ قَرَّبَا قُرْبَانًا فَتُقُبِّلَ مِنْ أَحَدِهِمَا وَلَمْ يُتَقَبَّلْ مِنَ الْآخَرِ قَالَ لَأَقْتُلَنَّكَ قَالَ إِنَّمَا يَتَقَبَّلُ اللّٰهُ مِنَ الْمُتَّقِينَ ﴾’’جب ان دونوں نے قربانی کی تو ان میں سے ایک کی قربانی قبول کرلی گئی اور دوسرے کی قبول نہ کی گئی۔ دوسرا بولا: میں تجھے قتل کردوں گا۔ پہلے نے جواب دیا: اللہ صرف پرہیزگاروں ہی کی قربانی قبول فرماتا ہے۔‘‘[1]
[1] المآئدۃ 27:5۔