کتاب: سچے خوابوں کے سنہرے واقعات - صفحہ 149
امام بخاری رحمہ اللہ کا خواب ایک شب امام بخاری رحمہ اللہ نے خواب میں دیکھا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم لیٹے ہوئے آرام فرما رہے ہیں اور آپ قریب بیٹھے پنکھا جھل جھل کر مکھیاں اُڑا رہے ہیں۔ صبح کو آپ نے اپنے عالی قدر اور شفیق استاد امام اسحاق بن راہویہ رحمہ اللہ سے اس مبارک خواب کا تذکرہکیا۔ اسے سن کر انھوں نے فرمایا: مبارک ہو، تمھیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے مبارک کلام کی تدوین کے لیے چُن لیا گیا ہے اور یہ سعادت تمھارے لیے مقدر ہے۔ امام بخاری رحمہ اللہ کے عظیم الشان کارنامے گواہ ہیں کہ یہ خواب اور اس کی تعبیرحرف بحرف سچ ثابت ہوئی۔[1] محمد بن اسماعیل کا انتظار کررہے ہیں خباب عبدالواحد طوسی رحمہ اللہ امام بخاری رحمہ اللہ کے ہم عصر تھے اور اپنے زمانے کے اکابر اولیاء اللہ میں سے تھے۔ ایک شب انھوں نے خواب میں دیکھا کہ جناب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اپنے اصحاب کے ساتھ سرِ راہ کسی کے منتظر کھڑے ہیں۔ انھوں نے سلام کے بعد عرض کیا: یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ! کس کا انتظار کررہے ہیں؟ آپ نے فرمایا: ’’محمد بن اسماعیل بخاری کا انتظار کر رہا ہوں۔‘‘ عبدالواحد طوسی فرماتے ہیں کہ اس خواب کے چند ہی روز بعد امام بخاری رحمہ اللہ کی وفات کی خبر ملی تو میں نے تحقیق کی تب مجھے معلوم ہوا کہ جس وقت میں نے خواب دیکھا تھا ٹھیک اُسی وقت امام بخاری کا انتقال ہوا تھا۔[2]
[1] سیارہ ڈائجسٹ رسول صلی اللہ علیہ وسلم نمبر، ص: 428۔ [2] سیارہ ڈائجسٹ رسول صلی اللہ علیہ وسلم نمبر، ص: 428۔