کتاب: سچے خوابوں کے سنہرے واقعات - صفحہ 113
’’کیا تمھاری باندی کے ہاں بچہ ہونے والا تھا۔‘‘ اس نے کہا: جی ہاں۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’اس کے ہاں لڑکا پیدا ہوا ہے، وہ تمھارابیٹا ہے۔‘‘ زرارہ رضی اللہ عنہ نے پوچھا: وہ ابلق کیوں ہے؟ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’قریب آؤ۔‘‘ پھر آہستہ سے پوچھا: ’’کیا تمھارے جسم پر برص کے داغ ہیں جنھیں تم لوگوں سے چھپاتے ہو؟‘‘ زرارہ رضی اللہ عنہ کہنے لگے: قسم ہے اس ذات کی جس نے آپ کو رسول بنا کر بھیجا ہے ! آج تک کسی شخص کو میرے اس راز کی خبر نہیں تھی۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’اسی وجہ سے وہ ابلق ہے۔‘‘[1] اس خواب سے معلوم ہوا کہ والدین کے عادات و اطوار حتی کہ بیماریوں تک کے اثرات اولاد پر پڑتے ہیں۔ امام ابن سیرین رحمہ اللہ نے بیان کیا ہے: اگر کوئی شخص خواب میں بکری دیکھتا ہے تو اسے سخاوت کرنے والی عورت ملے گی۔ انھوں نے سیدنا داود علیہ السلام کے اس قصے سے استدلال کیاہے: ﴿ إِنَّ هَذَا أَخِي لَهُ تِسْعٌ وَتِسْعُونَ نَعْجَةً وَلِيَ نَعْجَةٌ وَاحِدَةٌ ﴾ ’’اس میرے بھائی کی ننانوے دنبیاں ہیں اور میری صرف ایک دنبی ہے۔‘‘[2] امام ابن سیرین رحمہ اللہ مزید فرماتے ہیں کہ خواب میں بکری دیکھنے والا شخص بڑا مرتبہ پائے گا اور قوم کا سردار بنایا جائے گا۔ خواب میں بازو بند اور پازیب دیکھنا سیدنا زرارہ بن عمرو رضی اللہ عنہ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے عرض کیا: اللہ کے رسول( صلی اللہ علیہ وسلم !) میں نے نعمان بن منذر کو دیکھا کہ انھوں نے جھُمکا، بازو بند اور پازیب پہنے ہوئے ہیں۔‘‘[3]
[1] زاد المعاد:3؍ 687،686۔ [2] صٓ 23:38۔ [3] زاد المعاد لابن القیم: 3؍687۔