کتاب: سوئے منزل - صفحہ 20
ہے (وَمَا تَوْفِیْقِيْ إِلاَّ بِاللّٰہِ) اور اگر اس موضوع کی توضیح و تفہیم سے قاصر رہا ہوں تو یہ میری علمی بے بضاعتی اور کم مائیگی ہے (وَالْکَمَالُ لِلّٰہِ عَزَّوَجَلَّ)۔ اللہ تعالیٰ کے حضور التجا ہے کہ وہ اس حقیر سی خدمت کو شرفِ قبولیت سے نوازے اور اسے قبولِ عام عطا کرتے ہوئے ہم سب کے لیے صد قۂ جاریہ بنائے اور تمام اہلِ ایمان کو اس سے استفادہ کرنے کی توفیق مرحمت فرمائے۔ آمین
غرض نقشے کز ما یاد ماند کہ ہستی را نمی بینم بقائے
قارئین کرام سے التماس ہے، ان سطور کا مطالعہ کرتے وقت مجھے (ان سطور کے راقم) میرے والدین، اہل و عیال، میرے ذی وقار اساتذۂ کرام اور اقربا و احباب اور اس کتاب کی پروف ریڈنگ میں تعاون کرنے والے معزز مشائخ اور اس کی نشر و اشاعت میں کسی طرح سے بھی حصہ ڈالنے والے احباب کو اپنی نیک دعاؤں میں یاد رکھیں- اللہ تعالیٰ ہم سب کو سعادتِ دارین سے بہرہ ور فرمائے، ساقیِ کوثر صلی اللہ علیہ وسلم کے حوض مبارک سے جامِ کوثر عطا کرے اور فردوسِ بریں کے وارث بنائے۔ رَحِمَ اللّٰہ عَبْدًا قَالَ آمِیْنَا۔
مَا دَعْوَۃٌ أَنْفَعُ یَا صَاحِبِيْ مِنْ دَعْوَۃِ الْغَائِبِ لِلْغَائِبِ
نَاشَدْتُکَ الرَّحْمنَ یَا قَارِئًا أَنْ تَسْأَلَ الْغُفْرَانَ لِلْکَاتِبِ
’’قارئینِ کرام! کسی کی عدمِ موجودگی میں اس کے لیے دعائے خیر کرنے سے زیادہ نفع مند کوئی دعا نہیں ہے۔ میری تحریر کا مطالعہ کرنے والے (اعزا و احباب)! میں اللہ کے لیے آپ سے اپیل کرتا ہوں کہ راقم الحروف کے لیے بخشش اور مغفرت کی دعا کرتے رہیں-‘‘
یہ کتاب کا دوسرا اِڈیشن ہے۔ پہلا اِڈیشن ۲۰۱۱ء میں اشاعت پذیر ہوا تھا۔
طا لب الدعوات
عبد الخالق مدنی-عفا اللّٰہ عنہ۔ کویت
۱۰؍ ربیع الثانی ۱۴۳۸ھ = ۸/ ۱/ ۲۰۱۷ء