کتاب: سوئے منزل - صفحہ 17
اور حاضرین کی ذمے داری اور نوحہ خوانی و ماتم جیسے غیر شرعی افعال پر روشنی ڈالی ہے۔ بعد ازاں میت کے غسل و کفن، نمازِ جنازہ اور تدفین کے بارے میں وارد دینی تعلیمات اور مسائل کو تفصیل سے بیان کیا ہے۔ اس کے بعد تعزیت، قبر اور قبرستان سے متعلق احکام بیان کیے ہیں اور اس سلسلے میں لوگوں میں رائج بدعی رسوم و رواج کی حقیقت بیان کی ہے۔ پھر عورت اور سوگ کے مسائل کا تذکرہ کیا ہے اور ساتھ ہی میت کو وفات کے بعد نفع پہنچانے والے کاموں کی نشاندہی کی ہے اور یہاں بھی ایصالِ ثواب کے بدعی طریقوں کی مذمت کی ہے۔
مولف محترم نے پوری کتاب میں قرآنِ مجید اور احادیثِ صحیحہ کی روشنی میں احکام و مسائل کا تذکرہ کیا ہے اور کہیں من گھڑت روایات کی بنیاد پر کوئی حکم اور مسئلہ بیان نہیں کیا۔ علاوہ ازیں کتاب کے مولف چونکہ عرصہ دراز سے دعوت و تبلیغ کا فریضہ سرانجام دے رہے ہیں ، جس کے دوران میں انھیں معاشرتی مسائل کا گہرا ادراک ہوا ہے، اس لیے انھوں نے اپنے موضوع سے متعلق عوام الناس میں رائج تمام بدعات، غلط رسوم اور خود ساختہ طور طریقوں کو کھول کر بیان کیا ہے۔ اللہ تعالیٰ مولف محترم کو اس کاوش پر جزائے خیر عطا فرمائے اور انھیں مزید ایسے اعمالِ خیر کی توفیق سے نوازتا رہے۔
دارِ ابی الطیب، جو کتاب و سنت کی نشر و اشاعت کے لیے قائم کردہ اشاعتی ادارہ ہے اور لجنۃ القارۃ الہندیۃ کے رئیس الشیخ ابو خالد فلاح خالد المطیری حفظہ اللہ کی زیرِ سرپرستی اور جناب مولانا عارف جاوید محمدی کی زیرِ نگرانی مصروفِ عمل ہے، اس کتاب کو شائع کرنے کی سعادت حاصل کر رہا ہے اور دعا گو ہے کہ اللہ تعالیٰ اس کتاب کی نشر و اشاعت میں مادی اور معنوی تعاون کرنے والوں کے لیے اسے صدقۂ جاریہ اور ذخیرۂ آخرت بنائے اور عوام الناس کو اس سے استفادہ کرنے کی توفیق مرحمت فرمائے۔
والسلام
حافظ شاہد رفیق