کتاب: سوئے منزل - صفحہ 12
تقریظ
از الشیخ محمد انور محمد قاسم سلفی (داعیہ: جمعیۃ احیاء التراث الاسلامی۔ کویت)
محترم شیخ عبدالخالق مدنی حفظہ اللہ ہمارے فاضل دوست اور قریبی ساتھی ہیں ، جو تقریباً ربع صدی سے سرزمینِ کویت پر دعوت و ارشاد کے پروگرام سے منسلک ہیں- شیخ محترم تقریر اور تحریر کا نفیس ذوق رکھتے ہیں ، جس طرح آپ کے خطابات اور خطباتِ جمعہ نہایت ذوق اور شوق سے سنے جاتے ہیں ، اسی طرح آپ کی تحریر بھی دلچسپی سے پڑھی جاتی ہے۔
ان کے رشحاتِ قلم کا ایک نمونہ زیرِ نظر کتاب ’’سوئے منزل‘‘ بھی ہے، میں نے اس کتاب کو از اول تا آخر پڑھا ہے اور خود اس سے بہت ہی مستفید ہوا ہوں- اردو زبان میں اس موضوع پر اس قدر مفصل کتاب میری نظر سے نہیں گزری۔ میت سے متعلق کوئی پہلو تشنہ نہیں رہا۔ اس میں ایک خاص خوبی یہ بھی ہے کہ یہ واعظانہ اسلوب میں لکھی گئی ہے اور آخرت کے موضوع پر اردو، عربی، فارسی اور پنجابی کے مشہور اور پُراثر اشعار کا مولف نے نہایت برمحل استعمال کیا ہے، جس سے کتاب کے معنوی حسن کو چار چاند لگ گئے ہیں اور یہ وہ خوبی ہے جو اس کے علاوہ کسی اور کتاب میں نظر نہیں آتی۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ اس کاوش کو شرفِ قبولیت عطا کرے۔ آمین
دعا گو
محمد انور محمد قاسم سلفی