کتاب: سوئے حرم حج و عمرہ اور قربانی کے احکام و مسائل - صفحہ 28
ان تمام خوبیوں کے باوصف مجھے اپنے محترم مؤلف سے سخت شکایت ہے۔ اور وہ یہ کہ جب نہایت عرق ریزی سے آپ نے یہ کتاب لکھی، محنت وکوشش سے ورق ورق تحقیق کے جوہر لٹائے، پھر کتابت وطباعت میں اس قدر بے اعتنائی کیوں برتی؟ کتاب کے مطالعہ کے درمیان باربار کتابت وطباعت کی فاحش غلطیاں ذوقِ سلیم پرسخت باربنتی ہیں۔ اگرمؤلف حفظہ اللہ کتاب کی تیاری میں کی گئی محنت کا عُشرِ عشیر بھی اس کی طباعت وپروف ریڈنگ پر صرف کرتے توکتاب ظاہری و معنوی خوبیوں سے مالامال ہوجاتی۔
امیدہے کہ موصوف اس سلسلہ میں کسی تجربہ کار کے تجربے سے فائدہ اٹھاکر آئندہ ایڈیشن میں کتاب میں بعض فنی فروگزاشتوں کو دور کر دیں گے اورکتاب کو اس کا اصلی مقام دیں گے۔[1]
اللہ تعالیٰ مؤلف ومخرّج ومعاونین کوجزائے خیر عطافرمائے اورکتاب کومسلمانوں کے لیے مفید تربنائے ۔ آمین
( ہفت روزہ’’جریدہ ترجمان‘‘دہلی ۔ انڈیا)
[1] پہلا ایڈیشن حیدر آباد ( انڈیا) کے بعض کرم فرماؤں کی ’’مہربانی‘‘کے نتیجے میں اتنا غیر معیاری چھپ گیا تھا جس پر مولانا المدنی سے کہیں بڑھ کر ہمیں افسوس ہوا، لیکن ہمیں تب علم ہوا جب تیر کمان سے نکل چکا تھا ۔ اس موجودہ ایڈیشن میں وہ کمی دور کرنے کی بڑی حد تک کوشش کی گئی ہے۔ [مؤلف]