کتاب: سوئے حرم حج و عمرہ اور قربانی کے احکام و مسائل - صفحہ 21
تبصرہ جات
[۱]
تبصرہ نگار: حافظ صلاح الدین یوسف(مؤلف تفسیر احسن البیان )
مولانا محمدمنیرقمر، متحدہ عرب امارات کی ایک ریاست ام القیوین میں وہاں کی عدالت میں بطورِ مترجم سروس کرتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ جماعتِ اہل حدیث کے تنظیمی ودعوتی کاموں میں بھی سرگرمی سے حصہ لیتے ہیں۔ چنانچہ مولانا موصوف متحدہ عرب امارات کی جماعتِ اہل حدیث کے ناظم اعلیٰ بھی ہیں۔ علاوہ ازیں ریاست کے ریڈیو کی اردو سروس میں ان کے درس وتقریر کابھی ایک مستقل سلسلہ ہے جوکئی سالوں سے جاری ہے۔[1]
ان کی ریڈیائی تقاریر کاطریقہ یہ ہے کہ ایک ایک موضوع پر وہ مسلسل خطاب کرتے ہیں جو کئی کئی مہینوں بلکہ سالوںپرمحیط ہوتاہے۔ جب تک اس موضوع کے تمام پہلو حیطۂ تحریر میں نہیں آجاتے اس وقت تک وہی موضوع ان کی تقریر کا عنوان رہتاہے۔ اس طرح ہر موضوع پرسیر حاصل بحث بھی ہوجاتی ہے اورموصوف کی ایک کتاب بھی مرتب ہوجاتی ہے۔ اس طرح مولانا موصوف، نماز، صیامِ رمضان، زکوٰۃ اورسیرت وغیرہ کے مختلف موضوعات پر ریڈیو کی مذکورہ اردو سروس میں خطاب فرما چکے ہیں اور انھوں نے ان سب کو کتابی شکل میں مرتب کردیاہے۔ جن میں سے کچھ کتابیں چھپ چکی ہیں اورکچھ زیر طبع ہیں۔
[1] آج کل مؤلف سعودی عرب میں المحکمہ الکبریٰ ، الخبر کے ترجمان ہیں اور ان کے دو پروگرام ’’ اسلامی زندگی‘‘ اور ’’اسلامی عبادات‘‘ سعودی ریڈیو مکہ مکرمہ کی اردو سروس سے ہر جمعرات اور جمعہ ساڑھے تین بجے نشرہوتے ہیں۔