کتاب: سلسلہ فتاوی علمائے اہل حدیث 3 مجموعہ فتاویٰ محدث العصر علامہ محمد عبد الرحمن مبارکپوری - صفحہ 62
چشتی پاک پٹنی رحمہ اللہ کی اولاد سے ہے،وہ اہلِ اسلام کے عقیدے کے برخلاف تناسخ کا قائل ہے اور اپنی دروغ بیانی کو اس نے بابا فرید الدین گنج شکر کی طرف منسوب کر رکھا ہے،اس نے اپنے رسالہ ’’سیف فریدی‘‘ مطبوعہ مطبع ’’دبیر ہند‘‘ واقع شہر امرتسر میں صفحہ (۶۱) پر یہ اشعار بابا فرید الدین کے نام پر شائع کیے ہیں،جو اس کے دعواے باطلہ تناسخ پر دلالت کرتے ہیں۔علما و فضلا کے معاینے و مشاہدے کے لیے ان اشعار کو نقل کیا جاتا ہے،تاکہ اس کے باطل عقائد معلوم ہوسکیں۔ پس تناسخ کے اس مسئلے کا جواب دیا جائے،خدا آپ کو جزائے خیر دے کہ بابا فرید صاحب،محمد حسین پاک پٹنی کی تحریر کے مطابق وفات کے بعد دو مرتبہ اس جہانِ فانی میں بذریعہ دوسرے والدین کے پیدا ہوچکے ہیں۔پہلی مرتبہ جب وہ پیدا ہوئے تو شیخ ابراہیم سجادہ نشین پاک پٹن کے نام سے موسوم ہوئے اور دوسری مرتبہ چھے سو سال کے بعد تاج محمود چشتی پاک پٹنی کے گھر پیدا ہوئے اور اب ان کا نام محمد حسین رکھا گیا ہے اور اس محمد حسین نے مرزا غلام احمد قادیانی کی طرح اپنی کتاب ’’اسرارِ عترت فریدی‘‘ میں اس قدر جھوٹ بولے ہیں کہ غلام احمد قادیانی سے بھی سبقت لے گیا ہے۔اب آپ اس سائل کو مسرور و ممتاز فرمائیں اور روایاتِ کتبِ معتبرہ سے اس کا جواب تحریر کریں۔(بندہ سائل سید حسین شاہ بخاری نقوی ساکن موضع پانہ مہار ڈاک خانہ بصیر پور،تحصیل دیپال پور،ضلع منٹگمری۔ جواب:معروضہ ۲۹/ ماہ ربیع الثانی ۱۳۲۰ھ:معقولات و منقولات کے حقائق سے واقف،اصول و فروع کی باریکیوں کو کھولنے والے،نیکیوں کے منبع،برکات کے مصدر،متکلمین کے راہنما،علما کے سورج،فقہا کے چاند،اولین و آخرین کے خلاصہ،عالی جناب،بلند القاب سید محمد نذیر حسین صاحب،خدا تعالیٰ ان کی بلند اقبال زندگی کو مسلمانوں کے لیے قیامت تک باقی رکھے،ان کے جاہ و مرتبے کے سائے کو ان کے سروں پر قائم رکھے۔یہ خاکسار اﷲ تعالیٰ کی بلند رحمت کا امیدوار سید حسین علی شاہ بخاری نقوی آنجناب کی خدمت میں ہدیہ ’’سنتِ خیر الانام علیہ التحیۃ والسلام‘‘ یعنی سلام اور اشتیاقِ زیارت کے بعد ملتمس ہے کہ مولوی رشید احمد صاحب گنگوہی اور دیگر علما نے فقط نفس مسئلہ پر اکتفا کر کے تناسخ کا جواب ارسال فرمایا ہے،فاضل گنگوہی کی عبارت یہ ہے: ’’الجواب:کئی بار دنیا میں پیدا ہونا،جس پر کہ تناسخ کی بنیاد ہے،اہلِ سنت و الجماعت کے نزدیک باطل ہے اور حضرت شیخ،یعنی بابا فرید گنج پاک پٹنی رحمہ اللہ کی طرف اس کو منسوب کرنا سراسر بہتان ہے اور اس نسبت اور اس مذہب کا مدعی محض جاہل ہے،اس کے دعوے کی تصدیق کرنا ناجائز ہے،اس کے اقوال بالکل غلط ہیں،کیوں کہ تناسخ کے مسئلے کو علمِ کلام کی تمام کتابوں میں بیان کیا گیا ہے اور اس بیان کا جھوٹ ہونا