کتاب: سلسلہ فتاوی علمائے اہل حدیث 3 مجموعہ فتاویٰ محدث العصر علامہ محمد عبد الرحمن مبارکپوری - صفحہ 227
کے ساتھ جمعے کی نماز ادا کرنا بھی اس پر شاہد ہے،جیسا کہ صحیح میں ہے،نیز اہلِ قبا کے ایک آدمی سے بیان کیا ہے،اس کا کہنا ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں حکم دیا کہ ہم قبا (سے چل کر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ) جمعے میں حاضر ہوا کریں۔امام بیہقی رحمہ اللہ نے روایت کی ہے کہ ذوالحلیفہ والے مدینے میں جمعہ ادا کرتے تھے،چنانچہ انھوں نے کہا یہ منقول نہیں ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے کسی کو مدینے کی ان میں مساجد میں سے کسی مسجد میں جمعہ قائم کرنے کی اجازت دی ہو اور نہ ہی ان بستیوں میں جو اس کے قرب و جوار میں تھیں ] نیز اسی تلخیص الحبیر میں ہے: ’’وقال ابن المنذر:لم یختلف الناس أن الجمعۃ لم تکن تصلیٰ في عھد النبي صلی اللّٰه علیہ وسلم وفي عھد الخلفاء الراشدین إلا في مسجد النبي صلی اللّٰه علیہ وسلم،وفي تعطیل الناس مساجدھم یوم الجمعۃ واجتماعھم في مسجدٍ واحد أبین البیان بأن الجمعۃ خلاف سائر الصلوات،وأنھا لا تصلیٰ إلا في مکان واحد‘‘[1] انتھیٰ،ھذا ما عندي واللّٰه تعالیٰ أعلم [ابن المنذر کا بیان ہے کہ لوگوں کا اس بارے میں اختلاف نہیں ہے کہ نبی مکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے دور میں خلفائے راشدین کے دور میں صرف مسجدِ نبوی ہی میں جمعہ ادا کیا جاتا تھا،لوگوں کا جمعے کے دن اپنی مساجد کو چھوڑنا اور ایک مسجد میں جمع ہونا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ جمعے کا معاملہ باقی کی دوسری نمازوں سے مختلف ہے اور وہ یہ کہ اس کو ایک ہی جگہ میں ادا کیا جائے] أملاہ:محمد عبد الرحمن المبارکفوري،عفا اللّٰه تعالیٰ عنہ (۳۰/ جمادی الأولیٰ ۱۳۰۲ھ) دیہات میں نمازِ جمعہ کا مسئلہ: سوال:کیا فرماتے ہیں علمائے دین اس مسئلے میں کہ چھوٹا گاؤں جس میں جمعہ درست نہیں،اس کی کیا تعریف ہے اور چھوٹا گائوں کتنے آدمیوں کا ہوتا ہے اور بڑا گاؤں جس میں جمعہ درست ہے،وہ کتنے آدمیوں کا ہوتا ہے اور اگر چھوٹے گاؤں میں پڑھیں تو پھر ظہر پڑھنا ضروری ہے یا نہیں اور بڑے گاؤں میں جمعہ کے بعد ظہر پڑھیں یا نہیں ؟ بینوا توجروا! جواب:واضح ہو کہ جمعہ پڑھنے کے لیے کسی خاص قسم کی بستی ہونے کی ضرورت نہیں ہے،کیونکہ یہ بات کسی شرعی دلیل سے ثابت نہیں ہے،بلکہ شرعی دلیل سے یہ ثابت ہے کہ جمعہ کا پڑھنا ہر جگہ فرض ہے،خواہ شہر ہو یا گاؤ ں اور خواہ بڑا گاؤں ہو یا چھوٹا گاؤں،چنانچہ قرآن شریف میں ہے: { ٰٓیاََیُّھَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْٓا اِِذَا نُوْدِیَ لِلصَّلٰوۃِ مِنْ یَّوْمِ الْجُمُعَۃِ فَاسْعَوْا اِِلٰی ذِکْرِ اللّٰہِ} [الجمعۃ:۹]
[1] المصدر السابق