کتاب: شرعی احکام کا انسائیکلوپیڈیا - صفحہ 76
رات کے آداب شام ہوتے ہی بچوں کو گھر میں روک لیا جائے کیونکہ اس وقت شیطان نکل آتے ہیں۔ (صحیح البخاري: ۳۳۰۴، صحیح مسلم: ۲۰۱۲، دارالسلام: ۵۲۵۰) سورج غروب ہوتے ہی مویشیوں کو باندھ دے پھر انھیں نہ چھوڑے جب تک کہ شام کی سیاہی نہ جاتی رہے۔ (صحیح مسلم: ۲۰۱۳) رات کو سوتے وقت اللہ کا نام لے کر دروازوں کو بند کر دینا۔ اللہ کا نام لے کر برتنوں کو ڈھانک دے۔ اگر ڈھانکنے کے لئے کوئی چیز نہ ملے توکوئی لکڑی اس کے اوپر رکھ دے۔ اللہ کا نام لے کر مشکیزوں کے منہ باندھ دے۔ اللہ کا نام لے کرموم بتی وغیرہ بجھا دے۔ ( صحیح مسلم: ۲۰۱۲) آگ کو جلتا ہوا نہ چھوڑے ۔ ( صحیح مسلم: ۲۰۱۵) رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ بے شک یہ آگ تمھاری دشمن ہے جب تم سونے کا ارادہ کرو تو اس کو بجھا دو۔ (صحیح مسلم: ۲۰۱۶) عشاء سے پہلے سونا اور عشاء کے بعد ( بغیر شرعی عذر کے )باتیں کرنا مکروہ ہے۔ (صحیح البخاری: ۵۶۸) مگر علم سیکھنے یا اہلیہ اور مہمانوں سے بات کرنا عشاء کے بعد بھی جائز ہے۔(صحیح البخاری: ۶۰۰ تا ۶۰۲) بچوں کا عشاء کے بعد اور فجر سے پہلے (والدین کے)کمرہ میں بغیر اجازت داخل ہونا منع ہے۔ ( دیکھئے النور: ۵۸)