کتاب: شرعی احکام کا انسائیکلوپیڈیا - صفحہ 71
رات اور حج نو اور دس ذوالحجہ کی رات: حج کے موقع پر ۹۔۱۰ ، ذوالحجہ کو نمازِ مغرب اور عشاء کے احکام کے لئے دیکھئے رات اور نماز / نمازِ عشاء ایام تشریق کی راتیں: ایام تشریق ( ۱۱، ۱۲، ۱۳ ) کی راتیں منیٰ میں گزارنی چاہئیں۔ (صحیح البخاری: ۱۳۱۵) حافظ ابن حجر نے کہا کہ منیٰ میں ۱۱۔۱۲۔۱۳ ذوالحجہ کی راتیں گزارنا واجب ہے۔(فتح الباری ۳-۷۳۸) تنبیہ: اگر کوئی حاجی ان تینوں راتوں میں منیٰ میں نہیں ٹھہرتا تو امام احمد کے مشہور قول کے مطابق اس پر کوئی صدقہ وغیرہ نہیں۔ ( فتح الباری ۳-۷۳۸) ۹ ذوالحجہ کو شام کے بعد جب شفق کی زردی کچھ کم ہو جائے تو عرفات سے مزدلفہ کی طرف روانہ ہو جائے۔ ( صحیح مسلم: ۱۲۱۸) اور استغفر اللہ کہتا ہوا آئے۔ ( البقرہ: ۱۹۹) ایام تشریق میں رات کو کنکری مارنا صحیح ہے۔ اور صحیح قول کے مطابق اس پر کچھ بھی لازم نہیں ہے بشرطیکہ وہ کنکری مارنا اسی دن کا ہو دوسرے دن کا نہ ہو۔ اس لئے کہ وقت سے پہلے کنکری مارنا صحیح نہیں ہے۔ ( فتاویٰ ابن باز ص ۲۱۴ مترجم ملخصاً)