کتاب: شرعی احکام کا انسائیکلوپیڈیا - صفحہ 69
لیلۃ القدر کے احکام لیلۃ القدر کے احکام درج ذیل ہیں: ۱۔ یہ برکت والی رات ہے ۔ ( الدخان: ۳) اس میں ہر حکمت والے کام کا فیصلہ کیا جاتا ہے۔ ( الدخان: ۴) یہ رات ایک ہزار مہینوں سے بہتر ہے۔ ( القدر: ۳) اس رات روح اور فرشتے اپنے پروردگار کے اذن سے ہر حکم لے کر نازل ہوتے ہیں۔ (القدر: ۴) یہ رات سراسر سلامتی ہے طلوع فجر تک ۔ ( القدر: ۵) اس رات قرآن مجید نازل ہوا ۔ ( القدر: ۱) لیلۃ القدر کو تلاش کرنا: سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ تحروا لیلۃ القدر في الوتر من عشر الآواخر من رمضان۔‘‘ رمضان کے آخری عشرے کی طاق راتوں میں لیلۃ القدر کو تلاش کرو۔ ( صحیح البخاری: ۲۰۱۷، صحیح مسلم: ۱۱۶۹) ۳۔ لیلۃ القدر کے قیام کا ثواب۔ سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ نے فرمایا: جس شخص نے لیلۃ القدر کا قیام، ایمان اور ثواب سمجھ کر کیا ، اس کے سابقہ گناہ بخش دیئے جاتے ہیں۔ ( صحیح البخاری: ۱۹۰۱، صحیح مسلم: ۷۵۹)