کتاب: شرعی احکام کا انسائیکلوپیڈیا - صفحہ 65
رات کو سحری کھانا: سیدنا عمرو بن العاص رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: فصل ما بین صیامنا وصیام أھل الکتاب أکلۃ السحر۔ ہمارے اور اہلِ کتاب کے روزوں کے درمیان حدِفاصل سحری کھانا ہے۔ ( صحیح مسلم: ۱۰۹۶) سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ تَسَحَّرُوا فَإِنَّ فِي السُّحُورِ بَرَكَةً ‘‘ سحری کاکھانا کھاؤ، بے شک سحری کے کھانے میں برکت ہے۔ ( صحیح البخاری: ۱۹۲۳ ، صحیح مسلم: ۱۰۹۵) مومن کی بہترین سحری کھجور کا کھانا ہے۔( سنن ابی داود: ۲۳۴۵وسندہ صحیح ، صحیح ابن حبان:۸۸۳) سحری تاخیر سے کھانی چاہئے اذانِ فجر اور سحری کھانے کا درمیانی وقت تقریباً پچاس آیات (پڑھنے کے برابر ) کا ہونا چاہئے ۔ (صحیح البخاری: ۱۹۲۱ ، صحیح مسلم: ۱۰۹۷) رات کے شروع ہوتے ہی ( یعنی غروبِ آفتاب کے فوراً بعد) روزہ افطار کرنا: اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ﴿ ثُمَّ اَتِمُّوا الصِّیَامَ اِلَی الَّیْلِ ﴾ [البقرہ: ۱۸۷] ’’ پھر رات تک( اپنے )روزے پورے کرو۔‘‘ افطاری کرنے میں جلدی کرنی چاہئے کیونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: لوگ ہمیشہ بھلائی پر رہیں گے جب تک وہ افطاری میں جلدی کریں گے۔ (صحیح البخاری: ۱۹۵۷ ، صحیح مسلم: ۱۰۹۳) روزوں کی راتوں میں اپنی بیوی سے ہمبستری کرنا جائز ہے: اللہ تعالیٰ نے فرمایا: