کتاب: شرعی احکام کا انسائیکلوپیڈیا - صفحہ 62
رات اور روزہ اس میں درج ذیل بحثیں ہیں: چاند کو دیکھ کر رمضان کے روزے شروع کرنا: سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’صوموا لرؤیتہ۔۔‘‘ چاند دیکھ کر روزہ رکھو ۔ ( صحیح البخاری:۱۹۰۹، صحیح مسلم: ۱۰۸۱) سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ روایت ہے کہ بے شک رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے رمضان کا ذکر کیا اور آپ ( صلی اللہ علیہ وسلم ) نے فرمایا: ’’ لا تصوموا حتی تروا الھلال ۔۔۔‘‘ اس وقت تک تم روزہ نہ رکھو جب تک چاند نہ دیکھ لو۔ (صحیح البخاری: ۱۹۰۶، صحیح مسلم: ۱۰۸۰) شک والے دن روزہ نہیں رکھنا چاہئے: سیدنا عمار رضی اللہ عنہ نے فرمایا: ’’ مَنْ صَامَ يَوْمَ الشَّكِّ فَقَدْ عَصَى أَبَا القَاسِمِ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ‘‘ جس نے شک والے دن ( چاند کے طلوع میں شک کے باوجود ) روزہ رکھا تو یقینا اس نے ابو القاسم ( محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ) کی نافرمانی کی۔ ( صحیح البخاری قبل ح ۱۹۰۶ ) رؤیتِ ہلال کے ثبوت کے لئے دو (عادل) مسلمانوں کی گواہی ضروری ہے (سنن أبي داود:۲۳۳۹ وھو صحیح ) رؤیت ِہلال میں اگر ایک (عادل) مسلمان کی گواہی مل جائے تو وہ بھی قبول کی جائے گی ۔ (ابو داود: ۲۳۴۲،وسندہ صحیح ، صحیح ابن حبان: ۸۷۱ )