کتاب: شرعی احکام کا انسائیکلوپیڈیا - صفحہ 26
اس اعتبار سے بلاشبہ ’’سلسۃ الاحکام الصحیحہ‘‘ کا یہ انسا ئیکلو پیڈیا (دائرۃ المعارف) اپنی مثال آپ اور ایک بے نظیر علمی کاوش ہے۔ یہ ابھی پہلی جلد ہے، جو ۱۰ مضامین پر مشتمل ہے، ان شاء اللہ جلد ہی اس کی دیگر جلدیں بھی منظر عام پر آجائیں گی۔ وبید اللّٰه التوفیق والتکمیل۔ فاضل مؤلف حفظہ اللہ نہایت سادہ منش، ایک دوردراز دیہاتی علاقے میں درسِ نظامی کے استاذ ہیں، جہاں تمدنی سہولیات بھی نہ ہونے کے برابر ہیں اور علمی و تحقیقی کاموں کے لیے وسیع لائبریری کا فقدان بھی، اس کے باوجود فاضل مؤلف کا یہ علمی کارنامہ ایک معجزے سے کم نہیں، بلاشبہ وہ اللہ تعالیٰ کی توفیقِ خاص سے بہرہ ور اور اس کے فضل و کرم کے خصوصی مورد ہیں۔ ایں سعادت بہ زور بازو نیست تانہ بخشد خدائے بخشندہ ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کو ان کے اس علمی منصوبے میں کامیاب فرمائے اور اس کی تکمیل کی جلد از جلد توفیق عطا فرمائے۔ ع ویرحم اللّٰه عبداً قال آمینا ’’سلسلۃ الأحکام الصحیحہ‘‘ کی تکمیل کے بعد فاضل مؤلف حفظہ اللہ کا ارادہ ہے کہ وہ اسی انداز سے ’’سلسلۃ الأحکام الضعیفہ‘‘ بھی مرتب کریں، اللہ تعالیٰ ان کی حفاظت فرمائے اور ان کے اخلاص و عمل اور عمر میں برکت عطا فرمائے اور ان کی جہود و مساعی کو قبول اور عوام و خواص کے لیے ایسے زیادہ سے زیادہ مفید بنائے۔ ع ایں دعا از من و از جملہ جہاں آمین باد صلاح الدین یوسف مدیر شعبہ تحقیق و تالیف و ترجمہ دارالسلام لاہور ربیع الثانی ۱۴۳۰ھ۔ اپریل ۲۰۰۹ء