کتاب: شرعی احکام کا انسائیکلوپیڈیا - صفحہ 203
کھڑے پانی میں پیشاب کرنا منع ہے: ایسے پانی ( جس میں پیشاب کیا گیا ہو)سے نہ وضو کرنا صحیح ہے اور نہ اسے پینا ہی صحیح ہے۔ ( صحیح ابن خزیمہ: ۹۴) کھڑے پانی میں جنبی آدمی کا نہانا منع ہے: البتہ پانی الگ لے کر نہانا صحیح ہے۔ اگر آدمی سوکر اٹھے تو ہاتھوں کو پانی ( کے برتن ) میں داخل کرنے سے پہلے الگ پانی لے کر دھو لینا چاہئے کیونکہ اسے پتا نہیں کہ ہاتھوں نے رات کہاں گزاری ہے۔ ( صحیح البخاری: ۱۶۲۰، صحیح مسلم: ۲۷۸) پانی میں خود بخود مچھلی مر جائے تو وہ حلال ہے: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ دریا ئی اور سمندری پانی پاک کرنے والا ہے اور اس کا مردار حلال ہے۔‘‘ ( موطأ امام مالک: ۱۲، ابو داود: ۸۳وسندہ صحیح) ہمارے استاد حافظ زبیر علی زئی حفظہ اللہ لکھتے ہیں کہ: ’’اس صحیح حدیث سے معلوم ہوا کہ پانی میں خود بخود مرنے والی مچھلی حلال ہے یہی مسلک سیدنا ابو بکر الصدیق ( رضی اللہ عنہ ) اور جمہور علمائے اسلام کا ہے۔‘‘ (دیکھئے صحیح البخاری ’’ کتاب الذبائح والصیدباب قول اللّٰه تعالٰی: أحل لکم صید البحر ‘‘ (قبل ح ۵۴۹۳) وفتح الباری ج۹ص ۶۱۸ وغیرہما) اس مسلک کے خلاف کوئی دلیل ثابت نہیں ہے۔ ( تسہیل الوصول الیٰ تخریج و تعلیق صلوٰۃ الرسول ص۴۲ حاشیہ: ۳، نیز دیکھئے: الصحیحۃ ح۴۸۰) وضو کے پانی والے برتن کو ڈھانپنا چاہئے: اور اس کے منہ کو باندھنا چاہئے۔ ( مسند احمد ۲/۳۶۷ وسندہ صحیح)