کتاب: شرحُ السنہ - صفحہ 29
9۔ اچھے خواب برحق ہو اکرتے ہیں اور یہ نبوت کا ایک حصہ ہوا کرتے ہیں، صحیح فراست بھی برحق ہوا کرتی ہے اور اس سے کرامت وبشارت کا ظہور ہوتا ہے بشرط کہ وہ شریعت کے مطابق ہو، لیکن یہ چیز عقیدہ وشریعت کا مصدر نہیں ہوا کرتیں۔
10۔ دین کے اندر جنگ وجدال مذموم شے ہے البتہ اچھے ڈھنگ سے بحث و مباحثہ مشروع ہے، جس چیز کے بارے میں غور و خوض کی ممانعت صراحتاآئی ہے اس کی پابندی ضروری ہے اورجس چیز کے باے میں مسلمان کو علم نہیں اس میں عقل کو دخل دینے سے گریز ضروری ہے اور اس کے متعلق علم کو اﷲ کی جانب لو ٹا دینا چاہیے۔
11۔ کسی بھی چیز کی تردید کے لیے منہج وحی کا التزام ضروری ہے، جس طرح سے کسی چیز کے ثبوت واقرار اور اعتقاد کے سلسلہ میں منہج وحی کی پابندی ضروری ہے، لہٰذا بدعت کی تردید بدعت سے نہ کئی جائے اور نہ ہی تقصیر کا موازنہ غلو سے کیا جائے اور نہ ہی اس کے بر عکس۔
12۔ دین کے اندر ہر طرح کی نئی چیز بدعت ہے اور ہر بدعت گمراہی ہے اور ہر گمراہی جہنم میں دخول کی موجب ہے۔
13۔ اﷲ تعالیٰ کے ناموں اورصفتوں کے بارے میں صحیح اصول یہ ہے کہ جس نام یا صفت کو اﷲ تعالیٰ نے یا اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے اﷲ کے لیے بیان کیا ہے، بغیر کسی سے مشابہ قرار دئے ہوئے اور بغیر اس کی کیفیت وماہیت وحالت بیان کئے ہوئے ویسے ہی ہو بہو ثابت کیا جائے، اور اﷲ نے جس چیز کی نفی اپنی ذات کے لیے کی ہے اورجس کی نفی اس کی ذات کے لیے اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے کی ہے بلا کسی تحریف وتبدیل اور بلا کسی صفت کو بیکار ونا کار ہ سمجھے ہوئے ویسے ہی ثابت کیا جائے جیساکہ فرمان الٰہی ہے:
{لَیْسَ کَمِثْلِہِ شَيْئٌ وَہُوَ السَّمِیْعُ البَصِیْرُ }(الشوری:11)
’’ اس جیسی کوئی چیز نہیں وہ سنتا اور دیکھتا ہے۔ ‘‘
ساتھ ہی نصوص شرعیہ کے معانی اور اس کے دلائل پر بغیر تعطیل وتکیییف کے ایمان رکھنا ضروری ہے۔
14۔ فرشتو ں کے وجوپر اجمالی ایمان رکھنا، رہی بات تفصیلی ایمان کی تو ان میں سے جن کے نام، اوصاف اور اعمال کے بارے میں صحیح آحادیث میں بیان آیا ہے آدمی کے لیے اپنے علم کی حد تک ان پر ایمان رکھنا ضروری ہے۔
15۔ تمام آسمانی کتابوں پر ایما ن ر کھناواجب ہے، لیکن یہ خیال رہے کہ قرآن کریم ان میں سب سے بہتر ہے اور اس نے سابقہ ساری کتابوں پر عمل کو منسوخ کر دیا، اور یہ کہ قرآن سے پہلے کی ساری کتابوں میں تبدیلی کی جا چکی ہے اس لیے صرف قرآن پر عمل کیا جائے گا اور باقی کتا بوں کی جانب التفات نہ کیا جائے۔
16۔ تمام انبیا ء ورسل علیہم السلام پر ایمان لانا واجب ہے، اور یہ کہ وہ لو گ دنیا کے باقی انسانوں سے افضل ہیں۔ اس بات پر ایمان رکھنا کہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات کے بعد وحی کاسلسلہ بند ہو چکا ہے اور یہ کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم خاتم الانبیاء والمرسلین ہیں جس نے اس کے بر خلاف عقیدہ رکھا وہ کافر ہے۔