کتاب: شرحُ السنہ - صفحہ 272
ربہم یتوکلون، …)) [1] ’’ … جبریل نے کہا، یہ آپ کی امت ہے، اور یہ وہ ستر ہزار لوگ ہیں جن کے آگے نہ کوئی حساب ہوگا اور نہ ہی عذاب۔ میں نے کہا وہ کیوں؟ کہا:یہ ایسے لوگ تھے جو نہ تو تعویذ گنڈے کرتے تھے، نہ ہی بد فالی پکڑتے تھے، اور نہ آگ سے داغتے تھے، اور وہ اپنے رب پر توکل کرتے تھے۔‘‘ 2۔ وہ لوگ جن کابہت آسان حساب لیا جائے گا، اور پھر انہیں جنت میں بھیج دیا جائے گا۔ ان کے متعلق اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں: ﴿فَاَمَّا مَنْ اُوْتِیَ کِتَابَہٗ بِیَمِیْنِہٖ o فَسَوْفَ یُحَاسَبُ حِسَابًا یَسِیْرًا o وَیَنقَلِبُ اِلٰی اَہْلِہٖ مَسْرُوْرًا ﴾(7۔9) ’’پھرجس کونامہ اعمال داہنے ہاتھ میں ملے گا۔اس سے توآسانی سے حساب لیا جائے گا۔اوروہ خوش خوش اپنے گھروالوں کے پاس(جو بہشت میں ہوں گے)لوٹ جائے گا۔‘‘ 3۔ وہ لوگ جن کا سخت حساب اور سوال و جواب ہوگا، ان کے بارے میں حدیث میں آتاہے: ((من نوقش الحساب عُذِّب))[2] ’’ جس کے حساب کے وقت مناقشہ(پوچھ گچھ) کی گئی، اسے عذاب دیا گیا۔‘‘ 4۔ جن پر حساب صرف ان سے اقرار کروانے کے لیے ہوگا۔ یہ کافر اور منافق لوگ ہوں گے۔ ان کا حساب انہیں بدلہ دینے کے لیے نہیں ہوگا، بلکہ انہیں ان کے اعمال کی اطلاع دینے کے لیے ہوگا۔ تاکہ وہ اپنے کفر اور شرک کو دیکھ کر اس کا اقرار کرے۔ اس کے لیے جہنم کے علاوہ کوئی اور ٹھکانہ نہیں ہوگا۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو اس سے محفوظ رکھے، آمین اہل جنت کی اقسام اہل جنت دو قسم کے لوگ ہیں، جیسا کہ نصوص میں وارد ہوا ہے۔ ایک گروہ نشر اور حساب کے وقت سے ہی جنت میں ہوگا، یہ وہ لوگ ہوں گے جن کو ان کے اعمال نامے پہلی فرصت میں ہی ان کے دائیں ہاتھ میں تھما دیے جائیں گے۔ اہل جنت کا دو سرا گروہ اہل کبائر(کبیرہ گناہ کرنے والوں) کاہے۔اگران میں سے بعض کی اللہ تعالیٰ نے مغفرت کردی تووہ پہلے ہی جنت میں چلے جائیں گے، اورجن کے بارے میں اللہ تعالیٰ چاہیں گے، انہیں ان کے گناہوں کے حساب سے عذاب دیں گے، پھر انہیں آگ سے نکال کر جنت میں لے جایا جائے گا۔
[1] رواہ البخاری ح، 6541۔ مسلم 549۔ [2] البخاری، باب، من نوقش الحساب عُذب، ح، 6536۔ مستدرک الحاکم کتاب الإیمان،ح،190۔سنن أبي داؤد، باب، عیادۃ النسائ،ح،3095۔الترمذی، کتاب التفسیر، باب، إذا السماء انشقت،ح،3337۔