کتاب: شرحُ السنہ - صفحہ 264
بغیر ولی کے نکاح کی صورت میں بہت ساری برائیاں ایسی جنم لیتی ہیں جن کا حل کرنا آسان نہیں رہتا۔ چنانچہ وہ لوگ جو کل تک اس نظریہ کی بڑی شدت سے حمایت کرتے تھے، آج وہ بھی اس کا مناسب حل تلاش کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔
اس لیے کہ عورت کمزور عقل والی ہوتی ہے، وہ کسی بھی جگہ دھوکہ کھاسکتی ہے، اور کسی بھی ابن الوقت کی باتوں میں آکر اس سے نکاح کرسکتی ہے اور بعد میں کسی بھی امکانی اختلاف کی صورت میں یہ خاتون نہ شوہر کے گھر کی رہتی ہے اورنہ ہی والد کے گھر کی اور اگر اس کا گھر بس بھی جائے تو والدین کے دل میں ساری زندگی ناراضگی رہتی ہے۔ جب ولی کی مرضی سے شادی ہونے کی صورت میں اگر اللہ نہ کرے، شوہر کے ساتھ اس کا گھر نہ بھی بس سکا تو اسے پناہ دینے کے لیے والدین کاگھر موجودہے۔فافہم۔
طلاق ثلاثہ کا مسئلہ
57۔ مصنف رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
((وإذا طلق الرجل امرأتہ ثلاثاً، فقد حرمت علیہ، ولا تحل لہ حتی تنکح زوجاً غیرہ۔))
’’جس نے اپنی بیوی کو تین طلاق دے دیں، وہ عورت اس پر حرام ہوگئی۔یہ اس وقت تک اس کے لیے حلال نہیں ہوسکتی جب تک اس کے علاوہ کسی دوسرے انسان سے نکاح نہ کرلے۔‘‘
شرح، … جب کوئی انسان اپنی بیوی کو تین طلاقیں دے دے، اور وہ طلاقیں بھی علیحدہ علیحدہ ہوں تو وہ عورت اس انسان پر حرام ہوجائے گی۔ اس پر تمام لوگو ں کا اجماع ہے۔ مثال کے طور پر کوئی انسان اپنی بیوی سے کہے، ’’ تجھے طلاق ہے، پھر عدت گزرنے سے پہلے رجوع کر لے اور پھر کسی وجہ سے طلاق دے تو یہ دو طلاقیں شمار ہوں گی۔ پھر عدت کے دوران رجوع کرنے کے بعد اپنی بیوی کو طلاق دے گاتو یہ عورت اس پر حرام ہو جائے گی یہاں تک کہ وہ کسی دوسرے مرد سے فطری نکاح کرے اور پھر وہ اسے طلاق دے۔ یہ بات یاد رہے کہ جب پہلی یا دوسری طلاق کے بعد وہ اپنی بیوی سے عدت کے دوران رجوع کرنا چاہے تو بلانکاح اور بغیر حق مہر اسے رجوع کرنے کا حق حاصل ہے۔ لیکن اگر عدت گزر جائے تو نیا نکاح اور نیا حق مہر مقرر کرنا ہو گا۔
اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں:
﴿اَلطَّلَاقُ مَرَّتٰنِ فَاِمْسَاکٌ بِمَعْرُوْفٍ اَوْتَسْرِیْحٌ بِاِحْسَانٍ وَلَا یَحِلُّ لَکُمْ اَنْ تَاْخُذُوْا مِمَّآ اٰتَیْتُمُوْ ہُنَّ شَیْئًا اِلَّآ اَنْ یَّخَافَآ اَلَّا یُقِیْمَا حُدُوْدَ اللّٰہِ فَاِنْ خِفْتُمْ اَلَّا یُقِیْمَا حُدُوْدَ اللّٰہِ فَلَا جُنَاحَ عَلَیْہِمَا فِیْمَا افْتَدَتْ بِہٖ تِلْکَ حُدُوْدُ اللّٰہِ فَلَا تَعْتَدُوْہَا وَ مَنْ یَّتَعَدَّ حُدُوْدَ اللّٰہِ