کتاب: شرحُ السنہ - صفحہ 260
مطابق چل رہی ہیں۔یہ ساری مخلوقات اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی حکمت وعظمت کی نشانی ہیں، جن کو اللہ تعالیٰ نے کئی مصلحتوں کی خاطر پیدا کیا ہے، اور ان میں سے ہر ایک مخلوق اس خالق کائنات کی ربوبیت اور تصرف کے تحت ایک نظام کی پابند ہے، کسی کو اس سے باہر پر مارنے کی ہمت نہیں ہوسکتی، اور نہ ہی ایسا ممکن ہے۔ کوئی ایک ذرہ بھی اس کے حکم اور مرضی کے بغیر حرکت میں نہیں آسکتا، ہر ایک چیزاس کے وسیع اور محیط علم میں ہے، کسی کو اس سے فرار حاصل نہیں ہوسکتا۔ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں:
﴿وَمَا تَکُونُ فِیْ شَأْنٍ وَمَا تَتْلُو مِنْہُ مِن قُرْآنٍ وَلَا تَعْمَلُونَ مِنْ عَمَلٍ إِلَّا کُنَّا عَلَیْکُمْ شُہُوداً إِذْ تُفِیْضُونَ فِیْہِ وَمَا یَعْزُبُ عَن رَّبِّکَ مِن مِّثْقَالِ ذَرَّۃٍ فِیْ الأَرْضِ وَلَا فِیْ السَّمَاء وَلَا أَصْغَرَ مِن ذَلِکَ وَلا أَکْبَرَ إِلَّا فِیْ کِتَابٍ مُّبِیْنٍ ﴾(یونس،61)
’’ اور تم جس حال میں ہوتے ہویا قرآن میں سے کچھ پڑھتے ہویاتم لوگ کوئی(اور) کام کرتے ہو جب اس میں مصروف ہوتے ہو ہم تمہارے سامنے ہوتے ہیں اور تمہارے رب سے ذرہ برابر بھی کوئی چیز پوشیدہ نہیں ہے نہ زمین میں اور نہ آسمان میں اور نہ کوئی چیز اس(ذرّے)سے چھوٹی ہے یا بڑی، مگر کتابِ روشن میں(لکھی ہوئی) ہے۔‘‘
اور ایک دوسرے مقام پر فرمایا:
﴿وَقَالَ الَّذِیْنَ کَفَرُوا لَا تَأْتِیْنَا السَّاعَۃُ قُلْ بَلَی وَرَبِّیْ لَتَأْتِیَنَّکُمْ عَالِمِ الْغَیْبِ لَا یَعْزُبُ عَنْہُ مِثْقَالُ ذَرَّۃٍ فِیْ السَّمَاوَاتِ وَلَا فِیْ الْأَرْضِ وَلَا أَصْغَرُ مِن ذَلِکَ وَلَا أَکْبَرُ إِلَّا فِیْ کِتَابٍ مُّبِیْنٍ ﴾(سباء،3)
’’ اور کافر کہتے ہیں کہ(قیامت کی) گھڑی ہم پر نہیں آئے گی کہہ دو کیوں نہیں(آئے گی) میرے رب کی قسم! وہ تم پر ضرور آ کر رہے گی(وہ رب) غیب کا جاننے والا(ہے) ذرہ بھر چیز بھی اس سے پوشیدہ نہیں(نہ) آسمانوں میں اور نہ زمین میں اور کوئی چیز ذرے سے چھوٹی یا بڑی ایسی نہیں مگر کتاب روشن میں(لکھی ہوئی) ہے۔‘‘
اس پیرائے میں مصنف نے دو چیزیں بیان کی ہیں،
٭ تمام غیر مکلف حیوانات کا حساب و کتاب ہوگا، او رانہیں بھی میدان حشر میں جمع کیا جائے گا اس کے بعد یہ مخلوقات فنا ہوجائیں گی۔
٭ یہ تمام مخلوقات اللہ کے حکم سے اور اس کی حکمت کے تحت اپنی ذمہ داریاں نبھارہی ہیں۔