کتاب: شرحُ السنہ - صفحہ 24
صلاحیت کے مطابق کوششیں صرف کی ہیں، جس کے لیے میں کسی قید کا پابند نہیں ہوں۔ البتہ اس بات کا ضرور اہتمام کیا ہے کہ کوئی ضعیف یا موضوع حدیث یا منہج اہل سنت و الجماعت کے خلاف کوئی بات اس کتاب میں نہ آنے پائے چونکہ اس کتاب کا تعلق عقیدہ سے ہے۔
9۔ میں نے کتاب کو فائدہ مند بنانے کے لیے سب سے اوپر اصل عربی عبارت دی ہے اور اس کے اوپر ’’مصنف رحمہ اللہ فرماتے ہیں: ‘‘لکھ دیا ہے، اس کے بعد اصل عربی عبارت ہے، پھر ترجمہ اور اس کے نیچے تشریح اور اس کے نیچے حاشیہ ہے۔
10۔ شرح کو عنوان بھی دے دیا گیا ہے تاکہ آسانی رہے۔
11۔ چونکہ پہلی بار کتاب پر کام مکمل ہوچکا تھا، اس کے بعد شیخ صالح الفوزان حفظہ اللہ کی شرح ملی، مگر پھر بھی میں نے اپنی جمع کردہ شرح اور شیخ صاحب حفظہ اللہ کی شرح کا تقابلی جائزہ لیتے ہوئے جس چیز کی ضرورت محسوس کی، اس کا اضافہ کردیا ہے۔
12۔ کتاب کے شروع میں عقیدہ کی مختصر تعریف اور اہل سنت و الجماعت کے عقائد کا اجمالی خلاصہ نکات کی صورت میں بیان کردیا ہے، جس سے عقیدہ کے مسائل سمجھنے میں مدد ملے گی۔
آخر میں میں اللہ تعالیٰ سے عجز وانکساری کے ساتھ دعا کرتا ہوں کہ وہ اس کو شش کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے، اور اسے ہمارے نیک اعمال میں اضافہ کا ذریعہ بنادے اور اسے عوام الناس کے لیے فائدہ مند بنادے، اور ان لوگوں کو بھی اس کے اجر سے نواز دے جو کسی طرح بھی اس کام میں معاون اور مدد گار ثابت ہوئے ہیں۔
میں اپنے تمام قارئین بھائیوں سے بھی گزارش کرتا ہوں کہ اس کتاب میں جو غلطی ہو اس کی اطلاع دینے، اصلاح کرنے اور اپنے مفید مشوروں سے نوازنے میں بخل سے کام نہ لیں، آپ کا اجر اللہ تعالیٰ کے پاس ہے۔
اس کے بعد ان شاء اللہ امام ابو بکر آجری کی کتاب ’’ الشریعہ‘‘ اور امام خلال کی کتاب ’’ السنۃ ‘‘ اور ابو الشیخ کی کتاب ’’ العظمہ ‘‘ کے تراجم اور حواشی بہت جلد پیش کیے جارہے ہیں، آپ بھائیوں سے گزارش ہے کہ ان کی جلد تکمیل کے لیے دعا گو رہیں۔
آپ کا بھائی
شفیق الرحمن الدراوی