کتاب: شرحُ السنہ - صفحہ 22
علمائے سلف نے عقیدہ کے بیان میں اور باطل فرقوں کے ردپر بہت ہی اہم کتابیں تالیف کی ہیں۔ جن میں سے بیشترکتابوں سے ہمارے عام طبقہ کے لوگ ناواقف ہیں۔ مثلًا امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ کی ’’ السنۃ‘‘، امام بربہاری کی ’’شرح السنۃ۔‘‘امام ابو بکر خلال کی ’’ السنۃ۔‘‘امام محمد بن نصر المروزی کی ’’ السنۃ۔‘‘امام آجری کی ’’ الشریعۃ۔‘‘امام لالکائی کی ’’شرح أصول اعتقاد أہل السنۃ و الجماعۃ۔‘‘امام ابو الشیخ کی ’’ العظمۃ۔‘‘امام بیہقی کی ’’الاعتقاد ‘‘ اور اس طرح بعض دوسرے علماء کی کتابیں: جیسے: ’’ الرد علی الجہمیۃ‘‘اور ’’الرد علی القدریۃ‘‘ وغیرہ۔
ان میں بعض فرقے نا پیدا ہوچکے ہیں، اس لیے ان پر ردود کی کتابیں شائع کرنے کی ضرورت نہیں۔ لیکن جو فرقے موجود ہیں، جیسے: رافضی، شیعہ اور خارجی وغیرہ ان پر ردود اور اہل سنت کے عقیدہ پر مشتمل سلف ِ صالحین کی کتابیں شائع کرنا وقت کی ایک بڑی اہم ضرورت ہے۔
اس سلسلہ میں ابو ساریہ بھائی مدیر مکتبہ ’’الفرقان ‘‘ کی کوششیں قابل صد تحسین ہیں کہ وہ ایک بڑے پیمانے پر یہ کام شروع بھی کر چکے ہیں، اور اس کو وسعت دینے کا ارادہ بھی رکھتے ہیں۔
اسی سلسلہ کی ایک کڑی آپ کے ہاتھوں میں امام بربہاری رحمہ اللہ کی کتاب ’’ شرح السنۃ‘‘ کی یہ شرح پیش کی جاری ہے۔
امام بربہاری رحمہ اللہ کی یہ کتاب اس بات کی مستحق تھی کہ اسے بہترین شکل و صورت میں اچھے ترجمہ اور تشریح کے ساتھ اور بہترین انداز میں اپنے قارئین کے سامنے پیش کیا جائے۔ اگرچہ یہ کتاب آج تک بے رغبتی اور عدم توجہی کا شکار رہی۔ یا کچھ علماء نے اس پر کام کیا ہو گاتاہم اس تک ہماری پہنچ نہیں ہوسکی۔ یا وقت کے ساتھ وہ شروحات اور تراجم نا پید ہوچکے ہیں۔ بہر حال جن کتابوں تک ہماری رسائی ہوئی ہے ان میں سے ایک ’’ منہج اہل سنت ‘‘کے نام سے شیخ’’ناصر العبیلان حفظہ اللہ ‘‘کی کتا ب کا ترجمہ ہے۔جو عبد اللہ ناصر رحمانی صاحب حفظہ اللہ کی تقریظ کے ساتھ کراچی سے شائع ہوا ہے۔ کتاب میں کئی ایک املائی غلطیوں کے علاوہ سب سے بڑی کمی یہ ہے کہ یہ نہ ہی عربی زبان میں پوری کتاب کی شرح ہے اور نہ ہی مترجم نے اسے اصل کتاب سے توازن(مطابقت) کرکے مکمل کیا ہے۔ یہ پوری کتاب کے 172 نکات میں سے صرف نو(9) نکات کی شرح ہے اور انہوں نے اس کا ویسے ہی ترجمہ کردیا ہے۔ بہر حال ہماری دعا ہے کہ ان کی جدو جہد اللہ تعالیٰ قبول فرمائے۔
اب ضرورت اس بات کی تھی کہ اس پوری کتاب کی کوئی شرح کہیں سے مل جائے جسے اردو شرح کے لیے اصل بنایا جائے، مگرشروع میں ایسا نہ ہوسکا۔ تاہم ہمارے ایک علم دوست بھائی عبد اللہ الجیزانی حفظہ اللہ نے سعودی عرب کے ممتاز عالم شیخ ناصر العقل حفظہ اللہ کی صوتی شرح انٹرنیٹ سے ڈاؤن لوڈ کردی۔ جس کو سن کر اس سے بہت سے نکات لیے گئے۔ مگر یہ شرح بھی کئی لحاظ سے ناقص تھی:
1۔ شیخ صاحب حدیث کا حوالہ دیتے ہوئے صرف فرماتے ہیں: کما جاء في الحدیث اور یہ نہیں بتاتے کہ یہ