کتاب: شرحُ السنہ - صفحہ 21
حدیث شارح
اِنَّ الْحَمْدَ لِلّٰہِ، نَحْمَدُہٗ وَ نَسْتَعِیْنُہٗ وَ نَسْتَغْفِرُہٗ، وَنَعُوْذُ بِاللّٰہِ مِنْ شُرُوْرِ أَنْفُسِنَا وَ سَیِّئَاتِ أَعْمَالِنَا، مَنْ یَّھْدِِہٖ اللّٰہُ فَلا مُضِلَّ لَہٗ، وَمَنْ یُّضْلِلْ فَلا ہَادِيَ لَہٗ، وَأَشْہَدُ أَنْ لَّااِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ وَحْدَہٗ لَا شَرِیْکَ لَہٗ،وَأَشْہَدُ أَنَّ مُحَمَّداً عَبْدُہٗ وَرَسُولُہٗ۔ أَمَّا بَعْدُ!
قارئین کرام!
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ،، وبعد:
مجھے اس بات کا اظہار کرتے ہوئے بھر پور مسرت اور فرحت محسوس ہو رہی ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے آج آپ بھائیوں کے سامنے علامہ بربہاری رحمہ اللہ کی کتاب ’’ شرح السنۃ‘‘ کی اردو زبان میں شرح اور ترجمہ پیش کیا جار ہا ہے۔
علامہ موصوف رحمہ اللہ چوتھی صدی ہجری کے اہل سنت و الجماعت کے ممتاز علمائے کرام میں سے ہیں۔ آپ حضرت امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ کے ساتھیوں کے شاگرد ہیں۔ عقیدہ کی نشرو اشاعت کے لیے آپ کی کوششیں لائق صد تحسین اورقابل مبارکبادہیں۔
آپ کا زمانہ ایک ایسا زمانہ تھا جب ہر طرف سے فتنے اٹھ رہے تھے، کہیں رافضیت اور شیعیت کا فتنہ تھا تو کہیں خوارج اور معتزلہ کا۔ کہیں قدریہ اور جہمیہ اپنے پر پھیلائے ہوئے تھے تو کہیں جبریہ اور مرجئہ۔ ان فرقوں کے بڑے بڑے چرب زبان لوگ حکمرانوں کی صفوں میں داخل ہوگئے تھے جس کی وجہ سے ان بدعات اور فتنوں کو ہوا مل رہی تھی۔ اہل سنت و الجماعت کو دبایا جارہا تھا، اور لوگوں کو آزمائشوں میں مبتلا کیا جارہا تھا۔ ان حالات میں دعوت دین کا کام کرنا کو ئی آسان بات نہ تھی۔ بات بات پر کوڑے لگائے جاتے، جیلوں میں ڈالا جاتا، اور قید وبند کے ساتھ ساتھ علماء کو قتل بھی کردیا جاتا تھا۔
ان ایام میں حضرت امام مالک، امام احمد بن حنبل اورامام ابو حنیفہ، امام سفیان ثوری، ابو زرعہ الرازی اور دیگرائمہِ اہل سنت-رحمہم اللہ أجمعین-پر عباسی حکمرانوں نے اپنی جہالت کی وجہ سے جو ظلم و ستم ڈھائے وہ کسی بھی تاریخ کے طالب علم پر مخفی نہیں ہے۔
لیکن ان تمام نا مساعد اور نا موافق حالات کے باوجود دین کی یہ شمع جن لوگوں نے اپنے لہو کے ایندھن سے روشن رکھی اللہ تعالیٰ ان سب حضرات کو اس عظیم خدمت پر بہترین بدلہ دے، اور جنت میں انہیں انبیاء علیہم السلام اور صدیقین کی ہمراہی نصیب فرمائے۔ آمین۔