کتاب: شرحُ السنہ - صفحہ 160
﴿کَذَّبَتْ قَوْمُ نُوحٍ الْمُرْسَلِیْنَ ﴾(الشعراء: 105)
’’ نوح علیہ السلام کی قوم نے رسولوں کو جھٹلایا۔‘‘ حالانکہ انہوں نے صرف ایک رسول کو جھٹلایا تھا۔
2۔ جن رسولوں کے اسمائے مبارکہ ہمارے علم میں آئیں، ان پر ان کے ناموں کے ساتھ ایمان لانا، کیونکہ بعض انبیاء و مرسلین کے نام قرآن یا حدیث میں آئے ہیں، سب کے نہیں، خود اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں:
﴿وَلَقَدْ أَرْسَلْنَا رُسُلًا مِّنْ قَبْلِکَ مِنْہُم مَّنْ قَصَصْنَا عَلَیْکَ وَمِنْہُم مَّنْ لَّمْ نَقْصُصْ عَلَیْکَ﴾(غافر: 78)
’’اے نبی! ہم تم سے پہلے بہت سے رسول بھیج چکے ہیں جن میں سے بعض کے حالات ہم نے تم کو بتائے ہیں اور بعض کے نہیں بتائے۔‘‘
3۔ ان انبیاء و رسل علیہم السلام جن کے نام ہمارے علم میں آئے ہیں،اور ان کے جو حالات صحیح سندوں سے ہم تک پہنچے ہیں، ان پر ایمان۔ جیسے حضرت آدم علیہ السلام، حضرت نوح علیہ السلام، حضرت ابراہیم علیہ السلام، حضرت اسماعیل علیہ السلام، حضرت یعقوب علیہ السلام، حضرت یوسف علیہ السلام، حضرت موسیٰ علیہ السلام، حضرت عیسی علیہ السلام کے قصے جو کہ قرآن میں بھی بیان ہوئے ہیں۔
4۔ اورجس معزز و مکرم ہستی کو ہماری طرف رسول بناکر بھیجا گیا ہے، ان کی شریعت پر مکمل اور غیر متزلزل ایمان، ان کی ذات و اعمال سے محبت اور آپ کی اتباع کرنا، اللہ فرماتے ہیں:
﴿فَلَا وَرَبِّکَ لَا یُؤْمِنُونَ حَتَّیَ یُحَکِّمُوکَ فِیْمَا شَجَرَ بَیْنَہُمْ ثُمَّ لَا یَجِدُوْا فِیْ أَنْفُسِہِمْ حَرَجاً مِّمَّا قَضَیْتَ وَیُسَلِّمُوْا تَسْلِیْماً﴾(النساء: 65)
’’(اے محمد صلی اللہ علیہ وسلم) ! تمہارے رب کی قسم ! یہ کبھی مؤمن نہیں ہو سکتے جب تک یہ اپنے باہمی اختلاف میں آپ کو فیصلہ کرنے والا نہ مان لیں،پھر جو کچھ آپ فیصلہ کریں اس پر اپنے دل میں تنگی بھی محسوس نہ کریں بلکہ سر تسلیم خم کر لیں۔‘‘
ملائکہ پر ایمان
ملائکہ ایک غیبی مخلوق ہیں جنہیں اللہ تعا لیٰ نے نور سے پیدا کیا ہے، اطاعت ان کی فطرت ہے، وہ کبھی نافرمانی نہیں کرتے، بلکہ جس کام کا حکم اللہ دیتے ہیں اسی میں لگے رہتے ہیں، ارشاد الٰہی ہے:
﴿ لَا یَعْصُونَ اللّٰہَ مَا أَمَرَہُمْ وَیَفْعَلُونَ مَا یُؤْمَرُونَ﴾(التحریم:6)
’’ وہ اللہ کے حکم کی نافرمانی نہیں کرتے وہی کام کرتے ہیں جس کا حکم اللہ د یتے ہیں۔‘‘
وہ دن رات اللہ کی تسبیح، حمد وثناء بیان کرتے ہیں اس میں کبھی وقفہ نہیں ہوتا، ارشاد الٰہی ہے:
﴿ وَلَہُ مَنْ فِی السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ وَمَنْ عِندَہُ لَا یَسْتَکْبِرُونَ عَنْ عِبَادَتِہٖ وَلَا یَسْتَحْسِرُونَo