کتاب: شرحُ السنہ - صفحہ 152
22۔ مصنف رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
((والإیمان بالصراط علی جہنم، یأخذ الصراط من شاء اللّٰه، و یجوز من شاء اللّٰه، ویسقط في جہنم من شاء اللّٰه، ولہم أنوار علی قدر إیمانہم۔))
’’جہنم پر نصب پل پر ایمان[لانا واجب ہے]، جس کے بارے میں اللہ تعالیٰ کی مشیت ہوگی وہ پل اسے پکڑ لے گا اور جس کے بارے میں اللہ تعالیٰ چاہیں گے وہ اس کو پار کرلے گا اور جس کے بارے میں اللہ تعالیٰ کا ارادہ ہوگا وہ جہنم میں گر جائے گا اور لوگوں کے لیے ان کے ایمان کے مطابق نور ہو گا۔ ‘‘
شرح: … اہل ِ سنت والجماعت کے بنیادی عقائدمیں سے ایک پل صراط پر ایمان لانا ہے۔ پل صراط جہنم کا پل ہے۔روز ِقیامت جہنم پر پل صراط کا نصب کیا جاناقرآن و سنت سے ثابت ہے۔ احادیث میں اس کی تفصیلات بھی آئی ہیں۔ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں:
﴿ وَلَوْ نَشَآئُ لَطَمَسْنَا عَلٰٓی اَعْیُنِہِمْ فَاسْتَبَقُوا الصِّرَاطَ فَاَنّٰی یُبْصِرُوْنَ ﴾(یس: 66)
’’ اور اگر ہم چاہیں تو ان کی آنکھوں کو مٹا(کر اندھا کر) دیں پھر یہ رستے کو دوڑیں تو کہاں دیکھ سکیں گے ‘‘۔
ایک مقام پر پل صراط پر سے ہر ایک کے گزرنے کے متعلق اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتے ہیں:
﴿فَوَرَبِّکَ لَنَحْشُرَنَّہُمْ وَ الشَّیٰطِیْنَ ثُمَّ لَنُحْضِرَنَّہُمْ حَوْلَ جَہَنَّمَ جِثِیًّا o ثُمَّ لَنَنْزِ عَنَّ مِنْ کُلِّ شِیْعَۃٍ اَیُّہُمْ اَشَدُّ عَلَی الرَّحْمٰنِ عِتِیًّا o ثُمَّ لَنَحْنُ اَعْلَمُ بِالَّذِیْنَ ہُمْ اَوْلٰی بِہَا صِلِیًّاo وَاِنْ مِّنْکُمْ اِلَّا وَارِدُہَا کَانَ عَلٰی رَبِّکَ حَتْمًا مَّقْضِیًّا o ثُمَّ نُنَجِّی الَّذِیْنَ اتَّقَوْا وَّنَذَرُ الظّٰلِمِیْنَ فِیْہَا جِثِیًّا﴾(مریم: 68-72)
’’ توقسم تیرے مالک کی ہم تو ان آدمیوں کو(جو قیامت کے منکر ہیں) اور شیطانوں(جنھوں نے ان آدمیوں کوبہکایا)اکٹھا کرنیگے پھر جہنم کے گرد گھنٹوں پر گرے ہوئے ان کو حاضر کرینگے۔پھر ہر جماعت میں سے ہم اس کوالگ کرلیں گے جو اللہ کے مقابلہ پر بہ دلیر تھا۔پھر ہم خوب جانتے ہیں ان لوگوں کوجو دوزخ میں زیادہ جلنے کے لائق ہیں(یاجو دوزخ میں پہلے جانے کے سزا وار ہیں۔اورتم سے کوئی ایسا نہیں جو دوزخ پر سے نہ گزرے) یہ توتیرے مالک پرلازم ہے کہ اس نے فیصلہ کرلیا ہے۔ پھر جو پرہیزگار ہیں(شرک اورکفر سے بچے رہے ہیں)ان کو توہم دوزخ سے نکالیں گے اورکافروں کواسی میں گھنٹوں کے بل پڑا رہنے دیں گے۔‘‘
امام المفسرین علامہ طبری رحمہ اللہ فرماتے ہیں: ’’ان آیات میں ’’ پل صراط ‘‘ کے موجود ہونے کی طرف اشارہ ہے۔ اس لیے کہ یہ وارد ہونا پل پر سے گزرتے ہوئے ہی ہوگا۔‘‘[1]
[1] جامع البیان 16/ 83۔