کتاب: شرحُ السنہ - صفحہ 146
’’ میں نے جبریل امین علیہ السلام سے کہا: یہ میری امت ہیں ؟ فرمایا نہیں، لیکن افق کی طرف دیکھو۔ پس میں نے دیکھا کہ وہ ایک بہت بڑی جماعت ہے۔ جبریل نے کہا: یہ آپ کی امت ہے، اور یہ وہ ستر ہزار لوگ ہیں جن کے آگے نہ کوئی حساب ہوگا اور نہ ہی عذاب۔ میں نے کہا وہ کیوں؟ کہنے لگا:یہ ایسے لوگ تھے جو نہ تو تعویذ گنڈے کرتے تھے، نہ ہی بد فالی پکڑتے تھے، اور نہ آگ سے داغتے تھے، اور وہ اپنے رب پر توکل کرتے تھے۔‘‘ عکاشہ بن محصن آپ کی طرف کھڑے ہوگئے اور عرض کیا: اے اللہ کے رسول! اللہ سے دعا کریں مجھے بھی ان میں سے ہی بنادے، آپ نے دعا فرمائی۔ اے اللہ ! اسے بھی انہی میں سے بنادے۔ پھر ایک دوسرا آدمی کھڑا ہوگیا، اور عرض کیا: اے اللہ کے رسول ! اللہ سے دعا کریں مجھے بھی ان ہی میں سے بنا دے۔ تو آپ نے فرمایا: ’’ عکاشہ تم پر سبقت لے گیا ہے۔‘‘ ششم:… مستحق ِعذاب لوگوں کے عذاب میں تخفیف کے لیے شفاعت، جیسا کہ اپنے چچا ابو طالب کے لیے ہوگی کہ اسے کم سے کم عذاب دیا جائے۔ ہفتم:… مؤمنین اور موحدین کے جنت میں داخل کیے جانے کے لیے سفارش۔(مسلم، ح: 19) ہشتم:… وہ اہل ِ کبائر جو جہنم میں داخل کیے جا چکے ہیں، ان کے لیے سفارش کہ اللہ تعالیٰ انہیں جہنم کے عذاب سے نجات دے۔ جس کے بارے میں واضح حدیث اوپر گزرچکی ہے کہ میری شفاعت میری امت میں سے کبیرہ گناہوں کے مرتکب لوگوں کے لیے ہوگی۔ قرآن کی شفاعت حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ روزہ اور قرآن روز ِقیامت بندہ کے لیے سفارش کریں گے۔ روزہ کہے گا: اے رب ! میں نے اسے کھانے-پینے-اور دن میں خواہشات کی تکمیل سے روکے رکھا، میری سفارش اس کے متعلق قبول کر لے اور قرآن کہے گا: کہ میں نے اسے رات کو سونے سے روکے رکھا، اس کے متعلق میری شفاعت قبول فرمالے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں:’’ ان دونوں کی سفارش قبول کی جائے گی۔‘‘[1] حضرت جابر بن عبد اللہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ((القرآن مشفّع، وماحل مصدّق، ومن جعلہ أمامہ قادہ إلی الجنۃ، ومن جعلہ خلف ظہرہ ساقہ إلی ا لنار))[2] ’’ قرآن شفاعت کرنے والا، اور سچا دفاع کرنے والاہے جس نے اس کو اپنا امام بنایا یہ اسے جنت کی طرف لے کر جائے گا، اور جس نے اسے اپنے پیٹھ کے پیچھے ڈال دیا، یہ اسے جہنم کی طرف لے کر جائے گا۔‘‘
[1] مسند أحمد 2/ 174۔ [2] ابن حبان: 124۔