کتاب: شرحُ السنہ - صفحہ 131
اور وہ مجھے پہچانتے ہوں گے، پھر میرے اوران کے درمیان پردہ حائل کردیا جائے گا۔‘‘ رہا یہ مسئلہ کے سب سے پہلے میزبانی کن خوش نصیبوں کی کی جائے گی۔ اس بارے میں میں بھی وضاحت موجود ہے۔حضرت ثوبان رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ میرے حوض پر سب سے پہلے جو لوگ آئیں گے وہ فقراء مہاجرین ہوں گے۔گرد آلود سر، میلے کچیلے کپڑے، نازو نعم میں پلی ہوئی عورتوں سے نکاح کرنے کی استطاعت نہ رکھنے والے، جن کے لیے(امراء) کے دروازے نہیں کھولے جاتے۔‘‘ [1] حوض سے محروم رہنے والے کافر اور منافق لوگ اس حوض پر پانی پینے کے لیے آنے کی کوشش کریں گے، لیکن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم انہیں وہاں سے دور ہٹادیں گے۔ حضرت حذیفہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے ! میں حوض سے(غیر مسلموں) کو ایسے ہٹاؤنگا جس طرح اونٹوں کا مالک دوسرے اونٹوں کو ان کے باڑے سے ہٹاتا ہے۔عرض کیا گیا: یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم !کیا آپ ہمیں پہچانیں گے ؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: ’’ ہاں تم میرے پاس آؤ گے تو وضو کی وجہ سے تمہارے ہاتھ، پاؤں اور پیشانیاں چمک رہی ہوں گی۔ یہ صفت تمہارے علاوہ کسی دوسری امت میں نہیں ہوگی۔ ‘‘[2] ایسے ہی اہل بدعت کوبھی اللہ تعالیٰ اس سعادت سے محروم رکھیں گے۔ حضرت عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں: نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’میں حوض پر تمہارا استقبال کروں گا، تم میں سے بعض لوگ وہاں لائے جائیں گے، پھر مجھ سے دور ہٹادیے جائیں گے۔ میں کہوں گا: ’’ اے میرے رب ! یہ تو میری امت کے لوگ ہیں؟ جواب میں کہا جائے گا: ’’ آپ کو نہیں معلوم انہوں نے آپ کے بعد کیسی کیسی بدعات ایجاد کر لی تھیں۔‘‘ [3] حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ والی روایت میں اس کے بعد ہے: ’’ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ان-دھکے کھانے والوں-کے متعلق فرمائیں گے: یہ تو میری امت کے افراد ہیں-پھر انہیں کیوں روکا جارہا ہے ؟-۔ تو بتایا جائے گا کہ آپ کو معلوم نہیں کہ انہوں نے آپ کے بعد کیاکیا بدعتیں ایجاد کرلی تھیں۔ تو میں کہوں گا: ’’ سحقاً سحقاً لمن غیر بعدي۔ ‘‘[4]
[1] صحیح: ترمذی ابواب صفۃ القیامۃ، ح: 1989۔ [2] ابن ماجہ کتاب الزہد، باب ذکر الحوض، صحیح ۔ [3] رواہ البخاری، ابواب صفۃ القیامۃ، باب: ما جاء في صفۃ الحوض ح: 1988۔ [4] مسلم 1793۔ بخاری 7050۔