کتاب: شرعی طریقہ دم و علاج - صفحہ 6
اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں مناجات شروع کردیتا ہے۔ اور اس کی پناہ میں آتا ہے ۔ تو اللہ تعالیٰ بھی اسے اس کی دعا و ثناء پر اجروثواب سے نوازتے ہیں ۔ کبھی تو اس کے غم اور پریشانی کو فوراً ختم کردیا جاتا ہے ‘ اور کبھی اس دعا و التجاء کو آخرت کے لیے ذخیرہ کردیا جاتا ہے۔ اور جو کچھ آخرت کے لیے ذخیرہ کردیا جائے وہ زیادہ پائیدار اور باقی رہنے والا ہوتا ہے۔ مجھ پر اللہ تعالیٰ کا یہ احسان و کرم ہوا کہ مسجد الحرام مکہ مکرمہ ؛ میں ادارہ امر بالمعروف ونہی عن المنکرکی طرف سے شروع ہونے والے ایک نئے منصوبہ ’’معرض الرسالۃ المحمدیۃ‘‘ میں کام کرنے کا موقعہ ملا۔ جہاں پردعوت دین کا موقعہ بھی ملتا ہے اور اصلاح و ارشاد کا بھی۔ یہاں پرآنے والے بھائیوں کے ساتھ گفتگو بھی ہوتی رہتی ہے اور مختلف لوگوں کی پریشانیاں اور شکایات سننے کا موقعہ بھی ملتا ہے۔